آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے ٹیسٹ کرکٹ میں 300 وکٹیں مکمل کرکے منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ وہ یہ سنگِ میل عبور کرنے والے آسٹریلیا کے نویں بولر بن گئے۔
بنگلہ دیش کے خلاف ڈارون میں جاری پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز ہیزل ووڈ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی 14ویں پانچ وکٹوں کی اننگز مکمل کی اور 300 وکٹوں کا ہندسہ عبور کیا۔
ہیزل ووڈ آسٹریلوی ساتھی بولرز نیتھن لائن، پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک کے بعد موجودہ ٹیم کے چوتھے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 300 یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ 300 وکٹیں لینے والے چار بولرز ایک ہی ٹیم کی جانب سے اکٹھے کھیل رہے ہیں۔
ہیزل ووڈ نے 24.02 کی اوسط سے 300 وکٹیں مکمل کیں، جبکہ ان سے بہتر اوسط رکھنے والے آسٹریلوی بولرز میں صرف گلین میک گرا، پیٹ کمنز اور ڈینس للی شامل ہیں۔
ہیزل ووڈ انجری کے باعث گزشتہ ایک سال سے ٹیسٹ کرکٹ سے دور تھے، تاہم واپسی کے پہلے ہی میچ میں انہوں نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کردیا۔
ہیزل ووڈ نے میچ میں چھ وکٹیں حاصل کیں اور 300 وکٹوں کا سنگِ میل بھی مکمل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے سنگِ میل میچ کے دوران ذہن میں نہیں رہتے، تاہم بڑے ناموں کی فہرست میں اپنا نام دیکھنا خاص احساس ہے۔











