بھارتی اداکارہ جیسمین بھاسن نے ریئلٹی شو ’خطروں کے کھلاڑی 15‘ میں ایک خطرناک اسٹنٹ کے دوران پیش آنے والے خوفناک واقعے سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔ اداکارہ کے مطابق اسٹنٹ کے بعد انہیں ہلکی نوعیت کا دماغی جھٹکا لگا اور کچھ وقت کے لیے ان کی یادداشت بھی متاثر ہوئی۔
جیسمین نے آئی اے این ایس کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ پانی اور ہوا سے متعلق مشکل اسٹنٹ کے بعد انہیں اس واقعے کے فوری بعد پیش آنے والے لمحات یاد نہیں رہے۔ ان کے مطابق آج بھی اس تجربے کا ایک حصہ ان کی یادداشت میں موجود نہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مائلڈ کنکشن کی تشخیص کی اور 72 گھنٹے مکمل آرام کا مشورہ دیا۔ انہیں جسمانی سرگرمیوں سے گریز کرنے اور صحت یابی کے لیے مناسب وقت دینے کی ہدایت بھی کی گئی۔
جیسمین بھاسن نے شو کی ٹیم، ڈاکٹروں اور سیفٹی ٹیم کی جانب سے بروقت دیکھ بھال پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر میزبان روہت شیٹی، چینل اور پروڈکشن ہاؤس کے تعاون کو سراہا۔
اداکارہ کے مطابق یہ تجربہ ان کے لیے جذباتی طور پر مشکل تھا، تاہم اس دوران انہیں اپنے اندر موجود حوصلہ اور مقابلہ کرنے کی صلاحیت کا دوبارہ احساس ہوا۔
جیسمین بھاسن اس شو میں تیسری مرتبہ شریک ہوئی ہیں۔ اس سے قبل وہ ’خطروں کے کھلاڑی 9‘ اور ’خطروں کے کھلاڑی: میڈ اِن انڈیا‘ میں بھی حصہ لے چکی ہیں۔ وہ ’ناگن: بھاگیہ کا زہریلا کھیل‘ اور ’بگ باس 14‘ جیسے شوز کے باعث بھی جانی جاتی ہیں۔











