ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے پابندیاں ختم کرنے، مبینہ ناکہ بندی اٹھانے اور ایران کے منجمد اثاثے بحال کرنے تک آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی۔
پارلیمنٹ کے اجلاس سے ورچوئل خطاب میں قالیباف نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بحالی کا فیصلہ پاکستان کی ثالثی میں طے پانے والے فریم ورک معاہدے، جسے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت بھی کہا گیا ہے، میں طے کردہ شرائط پر عمل درآمد سے مشروط ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کو ایران پر عائد تیل کی پابندیاں ختم کرنے، منجمد اثاثے جاری کرنے، مبینہ ناکہ بندی اٹھانے اور تمام محاذوں پر دھمکیاں و فوجی کارروائیاں بند کرنا ہوں گی۔
ایرانی اسپیکر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر مفاہمتی یادداشت کی پاسداری نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے واشنگٹن کی سفارتی ناکامی قرار دیا۔
قالیباف کا کہنا تھا کہ ایرانی مسلح افواج اور سفارتی اداروں کے درمیان قریبی رابطہ برقرار ہے اور ایران اپنے حقوق کے حصول سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔











