بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا اہوجا کے درمیان طلاق کی خبریں ایک بار پھر زیرِ بحث آنے کے بعد اب گووندا کی مینیجر ششی سنہا نے تصدیق کی ہے کہ سونیتا نے طلاق کی درخواست واپس لے لی ہے۔
بھارتی یڈیا رپورٹس کے مطابق سنیتا اہوجا کو 19 اگست کی صبح ممبئی کی فیملی کورٹ سے باہر نکلتے دیکھا گیا، جس کے بعد دونوں کی طلاق کی قیاس آرائیاں تیز ہوگئیں۔ تاہم گووندا کی مینجر کے مطابق سنیتا عدالت میں طلاق کی درخواست واپس لینے کے لیے گئی تھیں۔
ششی سنہا کے مطابق گووندا اور سونیتا نے اپنے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کو ختم کرلیا ہے اور خاندان اس مشکل دور سے آگے بڑھ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک خاندانی معاملہ تھا جسے عوام کے سامنے نہیں آنا چاہیے تھا۔
گووندا کے وکیل نے 2025 میں بھی دعویٰ کیا تھا کہ دونوں نے اپنے اختلافات حل کرلیے ہیں۔ تاہم حالیہ واقعات کے بعد ایک مرتبہ پھر ان کے ازدواجی تعلق کے بارے میں سوالات اٹھے تھے۔
سنیتا اپنے بیٹے یش وردھن کے ہمراہ عدالت پہنچی تھیں۔ عدالت سے باہر نکلتے وقت انہوں نے میڈیا سے بات نہیں کی اور سیدھا گاڑی کی طرف بڑھ گئیں۔ یش وردھن نے بھی فوٹو اور ویڈیو بنانے سے گریز کرنے کی درخواست کی۔
میڈیا کے اصرار پر سنیتا نے طنزیہ انداز میں کہا کہ میں عدالت میں کیک کاٹنے آئی تھی۔











