بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کی اگلی فلم کے عنوان سے پردہ اٹھ گیا ہے۔ ساؤتھ کے معروف پروڈیوسر دل راجو کی پروڈیوس کردہ اور وامشی پیڈیپلی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کا نام ’مونسٹر‘ رکھا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان ان دنوں فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور ایکشن مناظر کی عکاسی میں خود بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اداکار کئی خطرناک اسٹنٹس کے بیشتر حصے خود فلمارہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ فلم کی شوٹنگ مقررہ رفتار سے جاری رہے۔
مونسٹر‘کو ہندی کے علاوہ تیلگو اور تمل زبانوں میں بھی ریلیز کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
فلم میں سلمان خان کے باڈی ڈبل کو حال ہی میں دل کا دورہ پڑا، جس کے باعث ایکشن شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔ اس صورتحال کے بعد سلمان نے متعدد اسٹنٹس خود کرنے کا فیصلہ کیا۔ بڑے پیمانے پر فلمائے جانے والے ایکشن مناظر کے پیش نظر پروڈکشن ٹیم نے حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں اور متبادل اسٹنٹ مین کی تلاش بھی شروع کر دی گئی ہے۔
فلم میں سلمان خان کے مقابل معروف جنوبی بھارتی اداکارہ نین تارا مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ نین تارا اس سے قبل شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’جوان‘ میں بھی کام کر چکی ہیں۔
سلمان خان کی حالیہ فلم ’سکندر‘ کی ناکامی کے بعد ان کی نئی فلموں پر مداحوں اور بالی ووڈ حلقوں کی خاص توجہ ہے، جبکہ ان کی ایک اور فلم ’ماتربھومی‘ بھی تاحال ریلیز نہیں ہو سکی۔











