ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف سخت بیان دیتے ہوئے ان کے انتخابی نعرے کا طنزیہ انداز میں جواب دیا ہے۔
قالیباف نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں ٹرمپ میک امریکا گریٹ اگین کے انتخابی نعرے کو طنزیہ انداز میں تبدیل کرتے ہوئے لکھا میک امریکا ہنگری اگین یعنی امریکا کو ایک بار پھر بھوکا رکھیں گے۔
ایرانی اسپیکر کا کہنا تھا کہ امریکی بحریہ کے 47 اہلکار بھی بھوک کا شکار ہیں اور یہ جعلی خبر نہیں۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں امریکی اور بین الاقوامی اداروں کی رپورٹس سے متعلق اعداد و شمار بھی شیئر کیے اور دعویٰ کیا کہ امریکا میں غذائی عدم تحفظ ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔
باقر قالیباف کے مطابق ہر آٹھ میں سے ایک امریکی شہری رات کو بھوکا سوتا ہے جبکہ تقریباً ایک کروڑ 60 لاکھ امریکی بچے بھوک اور معاشی بحران سے متاثر ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھوک کا بحران امریکی شہروں میں بھی ایک اہم مسئلہ بن چکا ہے۔
ایرانی اسپیکر نے ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعداد و شمار ’’جعلی‘‘ نہیں اور ایرانیوں کے خلاف اپنی ناکامی کی تلافی جھوٹ کے ذریعے نہیں کی جاسکتی۔
ٹرمپ کی تقریر شیئر کرنے پر ردعمل
ایرانی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے باقر قالیباف کی ایک تقریر کو مبینہ طور پر تحریف شدہ انداز میں اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کیا تھا۔
قالیباف نے اسی اقدام کے جواب میں ٹرمپ کے انتخابی نعرے کو طنزیہ انداز میں تبدیل کرتے ہوئے امریکی معاشرے میں بھوک اور غذائی عدم تحفظ کے اعداد و شمار پیش کیے۔
ایرانی اسپیکر اور امریکی صدر کے درمیان یہ لفظی جنگ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان شدید کشیدگی جاری ہے اور امریکا ایران کے خلاف مزید سخت معاشی اقدامات کی تیاری کر رہا ہے











