اہم ترین

کریبئین پریمیئر لیگ میں صائم ایوب کی دھواں دار سنچری

پاکستانی اوپنر صائم ایوب کی شاندار بیٹنگ کی بدولت جمیکا کنگز مین نے کیریبین پریمیئر لیگ 2026 کے سنسنی خیز مقابلے میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کو 11 رنز سے شکست دے دی۔

کرک انفو کے مطابق جمیکا کنگز مین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ صائم ایوب نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 58 گیندوں پر 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

یہ سی پی ایل 2026 کی دوسری سنچری ہے۔ اس سے قبل ٹم سیفرٹ 61 گیندوں پر ناقابلِ شکست 105 رنز بناچکے ہیں۔

جمیکا کنگز مین کی اننگز کے آغاز میں نسیم شاہ نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے کیسی کارٹی کو پہلی ہی گیند پر آؤٹ کیا، جبکہ اگلے اوور میں معاز صداقت کو بھی پویلین بھیج دیا۔

کنگز مین نے پاور پلے میں 42 رنز بنائے، تاہم صائم ایوب نے پاور پلے کے بعد رفتار پکڑی۔ روومین پاول کے ساتھ مل کر صائم ایوب نے صرف 43 گیندوں پر 72 رنز کی شراکت قائم کی۔ ایوب نے محض 57 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی اور آخری اوورز میں کیمو پال کے ساتھ مل کر ٹیم کو 182 رنز تک پہنچا دیا۔

ہدف کے تعاقب میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 42 رنز پر تین وکٹیں گر گئیں۔ آندرے فلیچر نے 38 گیندوں پر 55 رنز بنا کر مقابلے میں جان ڈال دی۔ فلیچر نے جیسن ہولڈر کے ساتھ 48 رنز کی شراکت قائم کی۔

فلیچر کے آؤٹ ہونے کے بعد ہولڈر اور داسن شناکا نے بھی تیز رفتاری سے رنز بنائے اور مزید 38 رنز جوڑے۔ تاہم جیسن ہولڈر کے آؤٹ ہونے تک پیٹریاٹس کو آخری 8 گیندوں پر 33 رنز درکار تھے۔

شناکا نے آخری لمحات میں 7 گیندوں پر مزید 19 رنز بنائے، لیکن یہ کوشش ٹیم کو فتح دلانے کے لیے کافی ثابت نہ ہوئی۔ پیٹریاٹس 6 وکٹوں پر 171 رنز تک محدود رہے۔

جمیکا کنگز مین نے یوں 11 رنز سے کامیابی حاصل کرکے ٹورنامنٹ میں اپنی تیسری فتح حاصل کرلی اور عارضی طور پر پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے، جبکہ پیٹریاٹس بدستور آخری نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستان