برطانوی شاہی خاندان کی آنجہانی شہزادی ڈیانا کا مشہور سیاہ لباس ایک بار پھر خبروں میں آگیا، جسے دنیا بھر میں ’ریونج ڈریس‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ لباس رواں سال دسمبر میں نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا اور اس کی قیمت 3 لاکھ ڈالر تک جانے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
شہزادی ڈیانا نے یہ سیاہ سلک لباس نومبر 1994 میں لندن کی سرپینٹائن گیلری میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران پہنا تھا۔ یہ وہی دن تھا جب ایک ٹیلی وژن دستاویزی پروگرام نشر ہوا تھا جس میں ان کے اُس وقت کے شوہر اور موجودہ بادشاہ چارلس نے شادی کے دوران بے وفائی کا اعتراف کیا تھا۔
اس اعتراف کے چند گھنٹے بعد ڈیانا کا انتہائی پُراعتماد انداز میں اس تقریب میں شرکت کرنا میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا۔ ان کا لباس یونانی نژاد ڈیزائنر کرسٹینا اسٹامبولین نے تیار کیا تھا، جس کے بعد میڈیا نے اسے ’ریونج ڈریس‘ کا نام دے دیا۔
نیلامی کا اہتمام معروف ادارے سودھ بائیز کرے گا اور لباس کی قیمت 3 لاکھ ڈالر (تقریباً 2 لاکھ 20 ہزار پاؤنڈ) تک پہنچنے کی توقع ہے۔ سودھ بائیز کے مطابق 1997 میں شہزادی ڈیانا کی جانب سے فلاحی مقاصد کے لیے اپنے 79 ملبوسات فروخت کیے جانے کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ یہ مخصوص لباس نیلامی میں پیش کیا جارہا ہے۔
سودھ بائیز کی گلوبل ہیڈ آف ہینڈ بیگز اینڈ فیشن مورگن حلیمی کے مطابق ڈیانا بخوبی سمجھتی تھیں کہ فیشن بھی اپنے آپ میں اظہار کا ایک مؤثر ذریعہ ہوسکتا ہے۔ ان کے بقول شہزادی نے اس لباس کے ذریعے اپنی زندگی کے ایک انتہائی حساس اور عالمی توجہ کا مرکز بننے والے مرحلے میں اپنی کہانی کا رخ خود متعین کیا۔
ڈیانا کی اُس وقت کی اسٹائلسٹ اینا ہاروی کے مطابق شہزادی تقریب کے لیے آخری وقت میں لباس تبدیل کرکے اس سیاہ شام کے لباس میں آئیں اور ان کی خواہش تھی کہ وہ انتہائی شاندار نظر آئیں۔
اس لباس کے ساتھ ڈیانا نے شاہی زیور، سیاہ کلچ اور سیاہ جوتے پہن رکھے تھے۔ تقریب میں ان کی آمد بھی خاصی توجہ کا باعث بنی تھی۔ وہ جس جیگوار ایکس جے40 میں تقریب میں پہنچی تھیں، وہ بھی رواں سال نیلام ہوچکی ہے اور 66250 پاؤنڈ میں فروخت ہوئی تھی۔
تاہم ’ریونج ڈریس‘ سے کہیں زیادہ قیمت ملنے کی توقع کی جارہی ہے۔ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ ڈیانا کے زیرِ استعمال کوئی لباس غیر معمولی قیمت میں فروخت ہوا ہو۔ 2023 میں ان کا مشہور کالا بھیڑ والا سویٹر سوتھبیز کی نیویارک میں ہونے والی نیلامی میں 9 لاکھ 20 ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہوا تھا۔


