امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا کا ہاں اپنے منگیتر سے بچے کی پیدائش

عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار لیڈی گاگا کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق 40 سالہ امریکی گلوکارہ نے اپنے منگیتر اور کاروباری شخصیت مائیکل پولانسکی کے ساتھ 2020 میں تعلقات کا آغاز کیا تھا، جبکہ 4 سال بعد دونوں نے 2024 میں منگنی کی تھی ۔

پیج سکس اور پیپل جیسے اہم امریکی جریدوں نے لیڈی گاگا کی عرفیت سے معروف گلوکارہ اسٹیفنی جرمنوٹا کے ہاں بچے کی پیدائش کی تصدیق کی، تاہم بچے کا نام، جنس اور تاریخ پیدائش سمیت دیگر تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔

مداحوں میں ’’مدر مونسٹر‘‘ کے نام سے مشہور لیڈی گاگا گزشتہ برسوں کے دوران ماں بننے کی خواہش کا اظہار کرتی رہی ہیں۔ ان کی ذاتی زندگی میں یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وہ اپنے کامیاب میوزک کیریئر کے ایک اہم مرحلے میں ہیں۔

گلوکارہ نے رواں سال اپریل میں اپنا تازہ عالمی میوزک ٹور مےہیم بال مکمل کیا۔ ان کا حالیہ البم مےہیم متعدد گریمی ایوارڈز کے لیے نامزد ہوا اور رواں سال بیسٹ پاپ ووکل البم کا گریمی ایوارڈ بھی جیت چکا ہے۔

لیڈی گاگا کی جانب سے تاحال بچے کی پیدائش کے حوالے سے مزید تفصیلات یا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔