ایشین چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ہاکی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آگئی۔
پاک بھارت حساس صورتحال کے پیش نظر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے تمام پاکستانی میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
ایڈہاک صدر پی ایچ ایف محی الدین وانی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سلامتی فیڈریشن کی اولین ترجیح ہے۔
ان کے مطابق موجودہ صورتحال میں پاکستان کے میچز بھارت کے بجائے کسی نیوٹرل مقام پر کرانا ضروری ہے، تاکہ ٹیم کو محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول فراہم کیا جاسکے۔
محی الدین وانی نے واضح کیا کہ پاکستان ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کھیلوں کے میدان میں اپنی شرکت جاری رکھنا چاہتا ہے، تاہم کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
پی ایچ ایف نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے تمام میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پر مثبت فیصلہ کیا جائے۔
محی الدین وانی کے مطابق پاکستان کی مکمل اور بلا تعطل شرکت یقینی بنانے کے لیے ضروری انتظامات کیے جانے چاہییں۔
اب نظریں ایشین ہاکی فیڈریشن کے فیصلے پر ہیں، جو پاکستان کی نیوٹرل وینیو کی درخواست پر آئندہ لائحہ عمل طے کرے گی۔


