بھارتی اداکارہ عرشی خان کا مرد اداکاروں پر رومانوی سین میں حد پار کرنے کا الزام

بھارتی اداکارہ عرشی خان نے رومانوی مناظر کی شوٹنگ سے متعلق ایسا دعویٰ کردیا کہ سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔

بگ باس سے شہرت حاصل کرنے والی عرشی خان کا کہنا ہے کہ شو کے بعد انہیں ویب سیریز میں کام کرنے کی متعدد پیشکشیں ملیں، لیکن زیادہ تر کردار بولڈ نوعیت کے تھے۔

نیوز 18 نامی بھارتی نیوز ویب سائیٹ کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں عرشی خان نے بتایا کہ انہوں نے ایک دو ویب سیریز میں رومانوی مناظر شوٹ کرائے، لیکن اس کے بعد انہیں مسلسل اسی طرح کے کرداروں کی پیشکش ہونے لگی ۔

اداکارہ نے شوٹنگ کے تجربات بیان کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بعض اداکار سین کے دوران ضرورت سے زیادہ آگے بڑھ جاتے تھے۔ بعض مواقع پر کٹ کی آواز لگنے پر بھی اداکار نہیں رکتے تھے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ بعض سینز کے لیے انہیں پہلے کچھ اور بتایا جاتا تھا۔ایک موقع پر انہیں کہا گیا کہ انہیں صرف بیڈ کے پاس آکر کھڑا ہونا ہے اور کوئی ایسی صورتحال پیش نہیں آئے گی۔ عرشی خان کے مطابق شوٹنگ کے دوران معاملہ ان کی توقع کے مطابق نہیں رہا۔

اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ بگ باس کے بعد ملنے والی متعدد ویب سیریز کی آفرز انہوں نے قبول کرنے کے بجائے مسترد کردیں۔