کیا 10روپے کا نوٹ بند ہورہا ہے؟ اسٹیٹ بینک کی وضاحت

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 روپے کے بینک نوٹ کی بندش اور اسے تبدیل کرانے کی آخری تاریخ سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دے دیا۔

اسٹیٹ بینک کے ترجمان کے مطابق 10 روپے کے نوٹ کو بند کرنے یا اس کی تبدیلی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایسی تمام اطلاعات کی واضح طور پر تردید کی گئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک نے نئے ڈیزائن اور نئی سیریز کے بینک نوٹ متعارف کرانے کی تجویز پیش کی ہے، تاہم یہ تجویز اس وقت وفاقی کابینہ کے زیرِ غور ہے۔ اس معاملے پر ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق کسی بھی مالیت کے موجودہ بینک نوٹ کو بند یا تبدیل کرنے کا فیصلہ ہونے کی صورت میں عوام کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا اور نوٹ تبدیل کرانے کے لیے مناسب وقت بھی فراہم کیا جائے گا۔

مرکزی بینک نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کرنسی نوٹوں سے متعلق افواہوں پر یقین کرنے کے بجائے صرف اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی اطلاعات پر اعتماد کریں۔