سعودی عرب کے دفاع کے لیے ہر ممکن مدد کو تیار ہیں: ترجمان پاک فوج

سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کے تناظر میں پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا واضح اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عملی طور پر بھی سعودی عرب کی مدد کے لیے موجود ہے اور سفارتی سطح پر بھی اس کے ساتھ کھڑا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے عرب نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ سعودی عرب کو دفاع کے لیے جس نوعیت کی بھی مدد درکار ہوگی، پاکستان اس کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے خلاف ہونے والی کسی بھی جارحیت کے دفاع میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان حرمین شریفین اور سعودی عرب کی حفاظت کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ پاکستان پہلے ہی سعودی عرب میں موجود ہے اور سعودی عرب کی مدد جاری رکھے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی عوام سعودی عرب کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اس حوالے سے کسی کو شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کے ساتھ ساتھ دفاعی تعاون بھی اہمیت رکھتا ہے۔