پی ایس ایل فرنچائزز میں کھلاڑیوں کی مہارت کی دوڑ: ڈویلپمنٹ ایوارڈ کا طریقہ کار واضح

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں فرنچائزز کی کرکٹ اور کھلاڑیوں کے کھیل میں نکھار کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حوصلہ افزائی کے مقصد سے کرکٹ ڈویلپمنٹ ایکسیلینس ایوارڈ کا طریقہ کار واضح کردیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق ایوارڈ جیتنے والی پی ایس ایل فرنچائز کو 2 لاکھ امریکی ڈالرز انعام دیا جائے گا۔

پہلے ایوارڈ کے لیے پی ایس ایل سیزن 3 سے 11 تک فرنچائزز کے پلیئر اور کرکٹ ڈویلپمنٹ کے کام کا جائزہ لیا جائے گا۔ آئندہ برسوں میں گزشتہ ایک سال کی کارکردگی کو بنیاد بنایا جائے گا۔

ایوارڈ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے گا۔ پہلے مرحلے میں فرنچائزز پی ایس ایل کی جانب سے وضع کردہ فریم ورک کے تحت اپنی کارکردگی کا اسکور خود مرتب کریں گی۔ بعد ازاں کمیٹی شواہد کی بنیاد پر ان اسکورز کی جانچ کرے گی۔

کمیٹی فرنچائزز کے پلیئر ڈویلپمنٹ، کرکٹ ڈویلپمنٹ کے منصوبوں اور اقدامات کو پانچ بنیادی پیمانوں پر پرکھے گی۔

ایوارڈ میں نہ صرف فرنچائزز کے ڈویلپمنٹ پروگرامز اور انفراسٹرکچر کو اہمیت دی جائے گی بلکہ کھلاڑیوں کی فلاح، گراس روٹ کرکٹ اور شائقین کی رائے کو بھی شامل کیا جائے گا۔