اینٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز نے کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کا پہلا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، فائنل میں جمیکا کنگز مین کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹیم نے صرف اپنے تیسرے سیزن میں چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
فالکنز کی کامیابی میں پاکستانی اسپنر سفیان مقیم نے اہم کردار ادا کیا، جنہوں نے 14 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور جمیکا کنگز مین کی بڑی اسکور کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
جمیکا کنگز مین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 170 رنز بنائے۔ معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 58 گیندوں پر 114 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 9 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔
معاذ صداقت نے اکیلے جمیکا کی اننگز کو سنبھالے رکھا، تاہم دوسرے بلے باز ان کا بھرپور ساتھ نہ دے سکے۔ صائم ایوب 29 رنز کے ساتھ ٹیم کے دوسرے نمایاں بلے باز رہے، جبکہ ٹاپ سکس کے تین کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
جمیکا کی ٹیم ایک موقع پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنا کر بڑے مجموعے کی جانب بڑھ رہی تھی، تاہم سفیان مقیم نے 12ویں اوور میں صائم ایوب اور رومین پاول کو آؤٹ کرکے میچ کا رخ تبدیل کردیا۔ اگلے چند اوورز میں جمیکا نے تیزی سے مزید وکٹیں گنوائیں اور 110 رنز سے 113 رنز پر 6 وکٹوں تک پہنچ گئی۔
ہدف کے تعاقب میں فالکنز کو رحکیم کارن وال نے جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ انہوں نے پہلے ہی اوور میں دو چوکے اور دو چھکے لگا کر 20 رنز بٹورے، تاہم اوور کی آخری گیند پر بولڈ ہوگئے۔
اس کے بعد ایون لوئس اور امیر جنگو نے 64 رنز کی شراکت قائم کرکے فالکنز کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ لوئس 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ٹیم ہدف کا تقریباً نصف حاصل کرچکی تھی۔
امیر جنگو اور حسن نواز نے اس کے بعد کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی۔ دونوں نے 89 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور فالکنز نے 17ویں اوور میں 173 رنز بنا کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
جنگو 57 اور حسن نواز 47 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ نواز نے 17ویں اوور میں دو چھکے لگا کر میچ کا اختتام کیا۔
ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز فالکنز کے آل راؤنڈر شاداب خان کو دیا گیا، جنہوں نے ایونٹ میں 132 رنز بنانے کے ساتھ 11 وکٹیں بھی حاصل کیں۔


