شادی سے زیادہ رفاقت پسند ہے، کاغذی کارروائی سے خوف آتا ہے: شروتی ہاسن

بھارتی اداکارہ شروتی ہاسن نے شادی، رفاقت اور ماں بننے کی خواہش کے بارے میں کھل کر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شادی کے خلاف نہیں، تاہم رشتے کو محض کاغذی کارروائی اور دکھاوے سے جوڑنے کے حق میں نہیں۔

اداکارہ نے سوہا علی خان کے یوٹیوب پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی ساتھی کے ساتھ زندگی گزارنے کا تصور پسند ہے، لیکن وہ اپنی زندگی کو کسی ایک سانچے میں ڈھالنے کے بجائے اپنی آزادی برقرار رکھنا چاہتی ہیں۔

شروتی ہاسن کے مطابق شادی میں ہونے والی کاغذی کارروائی، غیر ضروری اخراجات اور دکھاوے کی بات انہیں پریشان کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ آخر اتنا سب کچھ ’’کس کے لیے‘‘ کیا جاتا ہے۔

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ وہ ماضی میں شادی کے قریب بھی پہنچ چکی ہیں، تاہم اس تجربے نے انہیں خوفزدہ نہیں کیا۔ ان کے مطابق وہ اپنے ساتھی کے ساتھ روزانہ ایک دوسرے کو منتخب کرنے کے تصور کو زیادہ اہم سمجھتی ہیں، نہ کہ صرف قانونی دستاویز کو۔

شروتی ہاسن نے شادی کی تقریبات پر بے تحاشا اخراجات پر بھی دلچسپ انداز میں کہا کہ اگر اتنی رقم خرچ کرنی ہی ہے تو اسے خیرات میں دے دینا بہتر ہے۔

گفتگو کے دوران اداکارہ نے ماں بننے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ شروتی نے بتایا کہ وہ اپنے گائناکالوجسٹ سے بھی اس بارے میں بات کرچکی ہیں اور بچے کو گود لینے کے لیے بھی تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ماں بننے کی خواہش رکھتی ہیں اور مستقبل میں حیاتیاتی طور پر بھی ماں بننے کی کوشش کرنا چاہتی ہیں، تاہم گود لینے کا راستہ بھی ان کے لیے قابلِ قبول ہے۔

شروتی ہاسن ماضی میں مصور اور بصری فنکار سنتانو ہزاریکا کے ساتھ تقریباً چار سال تک تعلق میں رہیں، تاہم دونوں نے مئی 2024 میں علیحدگی کی تصدیق کی تھی۔ بعد ازاں شروتی نے سوشل میڈیا پر خود کو سنگل قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ فی الحال اپنے کام اور زندگی سے لطف اندوز ہورہی ہیں۔