فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف میٹا کا وار: 37 لاکھ سے زائد فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس بند

میٹا نے سنگاپور پولیس کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر رواں سال فراڈ اور اسکیمز سے منسلک 37 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس، پیجز اور دیگر مواد کے خلاف کارروائی کی ہے۔

اے ایف پی کے مطابق میٹا کو سنگاپور پولیس فورس کے ساتھ معلومات کے تبادلے پر مبنی تعاون کی مدد سے اسکیمرز کے پورے نیٹ ورکس کی شناخت اور انہیں ختم کرنے کامیابی ملک ہیں ۔

فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا حکام نے بتایا کہ سنگاپور پولیس فورس کے ساتھ یہ تعاون گزشتہ دو برس سے جاری ہے۔ پولیس کی جانب سے فراہم کردہ معلومات میٹا کے تفتیش کاروں کو ایسے خطرات کی نشاندہی میں مدد دیتی ہیں جو کمپنی اپنے طور پر مکمل طور پر شناخت نہیں کر سکتی۔

میٹا کے مطابق جنوری سے جون کے دوران فیس بک اور انسٹاگرام پر فراڈ اور اسکیمز سے متعلق ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد اکاؤنٹس، پیجز اور دیگر اداروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

کمپنی نے بتایا کہ جون میں بھی ایسے 33,600 سے زائد اکاؤنٹس اور پیجز کے خلاف کارروائی کی گئی جو اسکیمروں سے منسلک تھے اور اسکولوں کی آئندہ تعطیلات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان کا ہدف ایسے خاندان تھے جو تعطیلات کے دوران سفری ویب سائٹس پر سستے اور پرکشش پیکیجز تلاش کرتے ہیں۔

میٹا کے مطابق جولائی میں اس نے 36 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس، پیجز اور دیگر اداروں کے خلاف کارروائی کی۔ کمپنی کے مطابق ان میں بڑی تعداد ایسے ’شیل پیجز‘ کی تھی جن پر کوئی مواد موجود نہیں تھا یا وہ فعال طور پر استعمال نہیں ہو رہے تھے، لیکن اسکیمروں کی جانب سے مستقبل میں حاصل کیے جانے اور استعمال کیے جانے کا امکان تھا۔

کمپنی نے تاہم گزشتہ ادوار کے مقابلے کے لیے تقابلی اعداد و شمار فراہم نہیں کیے۔
’
میٹا کے ایشیا پیسیفک خطے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطوں کے ڈائریکٹر ڈیرل پون نے کہا کہ اسکیمروں کا ایک مقصد یہ ہوتا ہے کہ کوئی ایک ادارہ ان کی سرگرمیوں کی مکمل تصویر نہ دیکھ سکے۔

ان کے مطابق سنگاپور پولیس کے ساتھ معلومات کے تبادلے نے اس صورت حال کو تبدیل کرنے میں مدد دی ہے، کیونکہ پولیس سے ملنے والی معلومات ایسے خطرات کی شناخت میں معاون بنتی ہیں جو میٹا اپنے طور پر شاید نہ دیکھ پائے۔

انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر کارروائی کرنے کی کمپنی کی صلاحیت کی وجہ سے بعض فراڈ نیٹ ورکس کو زیادہ لوگوں تک پہنچنے سے پہلے ہی ختم کیا جا سکتا ہے۔

میٹا کے مطابق وہ اس تعاون کے ماڈل کو سنگاپور اور خطے کے دیگر ممالک میں مزید وسعت دینا چاہتی ہے۔