پاکستان نے اومان کو ہرا کر ایشین گیمز ہاکی ایونٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ۔
جاپان کے شہر آئیچی ناگویا میں جاری ایشین گیمز 2026 کے مینز ہاکی ایونٹ کے پول بی کے ایک اہم میچ عمان اور پاکستان کے مابین کھیلا گیا ۔
قومی ہاکی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کو ایک طرفہ مقابلے کے بعد 2 کے مقابلے میں 7 گول سے عبرتناک شکست دے دی۔
میچ کے آغاز سے ہی قومی کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور مسلسل حملے کر کے عمان کی دفاعی لائن کو دباؤ میں رکھا۔
پاکستان کی جانب سے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھلاڑیوں نے شاندار فیلڈ گولز اور پینلٹی کارنرز کو گولز میں تبدیل کیا۔
پاکستان کی جانب سے رانا وحید اشرف نے شاندار ہیٹ ٹرک کی ۔ رانا وحید اشرف نے 34ویں، 44ویں اور 59ویں منٹ میں گول کیے۔
سفیان خان پینلٹی کارنر کے ذریعے دونوں شاندار گولز 22ویں اور 28ویں منٹ میں کیے۔ غضنفر علی نے 40ویں منٹ، محمد عماد نے 46ویں منٹ میں ایک ایک گول کیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی ٹیم کو شاندار فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹیم سیمی فائنل میں بھی اسی تسلسل، جذبے اور عزم کے ساتھ کامیابی کا سفر جاری رکھے گی۔
پاکستانی ٹیم کی جانب سے 7 گول اسکور کیے جانے کے ساتھ رانا وحید اشرف کی ہیٹ ٹرک اور سفیان خان کے دو گول میچ کی نمایاں جھلکیاں رہیں۔


