واٹس ایپ کا انداز بدلنے کی تیاری: نئے نیویگیشن بار کی آزمائش آخری مرحلے میں داخل

واٹس ایپ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایپ کا انٹرفیس ایک بار پھر تبدیل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

ٹیک رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ نئے فلوٹنگ بَیٹم نیویگیشن بار کی آزمائش کر رہا ہے، جس کا انداز آئی فون پر موجود واٹس ایپ انٹرفیس سے ملتا جلتا ہوگا۔

یہ نیا ڈیزائن واٹس ایپ بیٹا فار اینڈرائیڈ کے ورژن 2.26.38.10 میں دیکھا گیا ہے۔ نئے نیویگیشن بار کے کنارے گول ہوں گے، جس کی وجہ سے یہ اسکرین کے نچلے حصے میں ایک الگ اور فلوٹنگ بار کی طرح دکھائی دے گا۔

واٹس ایپ نے تقریباً تین سال قبل اینڈرائیڈ ایپ کے اہم سیکشنز کو اسکرین کے نچلے حصے میں منتقل کیا تھا۔ بیٹا ورژن 2.23.10.6 کے ذریعے چیٹس، کمیونٹیز، اپ ڈیٹس اور کالز کو بَیٹم نیویگیشن میں جگہ دی گئی تھی۔

اب کمپنی نیویگیشن بار کے ڈیزائن میں ایک بار پھر تبدیلی پر کام کر رہی ہے۔ اس مرتبہ صرف ٹیبز کی پوزیشن ہی نہیں بلکہ بار کی شکل، سائز، ٹیبز اور کنٹرولز کے انداز کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق نیا اینڈرائیڈ نیویگیشن بار آئی فون پر واٹس ایپ کے فلوٹنگ ٹیب بار سے مشابہ ہوگا، تاہم اینڈرائیڈ ورژن مکمل طور پر آئی فون کے ڈیزائن کی نقل نہیں کرے گا۔

واٹس ایپ اینڈرائیڈ کے لیے گوگل کی ڈیزائن گائیڈ لائنز کو برقرار رکھے گا۔ نئے ڈیزائن کا فرق لائٹ تھیم میں زیادہ نمایاں دکھائی دیتا ہے، جبکہ ڈارک تھیم میں تبدیلی نسبتاً کم محسوس ہوگی۔

نیا نیویگیشن بار ابھی اندرونی سطح پر آزمائش کے مرحلے میں ہے اور تمام بیٹا صارفین کو بھی دستیاب نہیں کیا گیا۔

واٹس ایپ نے تاحال یہ نہیں بتایا کہ نئے ڈیزائن کو عام صارفین کے لیے کب جاری کیا جائے گا۔ اس لیے یہ بھی ممکن ہے کہ آزمائش کے دوران ڈیزائن میں مزید تبدیلیاں کی جائیں یا اس کی ریلیز کا وقت آگے بڑھایا جائے۔

دوسری جانب کمپنی ایپ کے انٹرفیس میں مزید تبدیلیوں پر بھی کام کر رہی ہے، جن میں چیٹ تھیمز سے متعلق نئے آپشنز شامل ہیں۔

ادھر میٹا نے واٹس ایپ بزنس صارفین اور ڈویلپرز کے لیے ایک نیا اے آئی ٹول بھی متعارف کرایا ہے۔

واٹس ایپ بزنس ٹولز ایم سی پی کے ذریعے کلاڈ، کرسر، کوڈیکس اور چیٹ جی پی ٹی جیسے اے آئی کوڈنگ ٹولز کو واٹس ایپ بزنس پلیٹ فارم کے ساتھ کام کرنے کی سہولت ملے گی۔

میٹا کے مطابق اس ٹول کا مقصد واٹس ایپ بزنس اکاؤنٹ قائم کرنے اور اسے پلیٹ فارم کے ساتھ مربوط کرنے کے عمل کو آسان بنانا ہے۔

اے آئی ایجنٹ کی مدد سے واٹس ایپ بزنس اکاؤنٹ بنانے، فون نمبر شامل اور ویری فائی کرنے، نمبر کو کلاڈ اے پی آئی کے ساتھ رجسٹر کرنے اور ضروری شرائط مکمل کرنے جیسے کاموں میں مدد لی جا سکے گی۔

یہ نظام یہ بھی بتا سکے گا کہ سیٹ اپ کے دوران کون سے ضروری مراحل ابھی باقی ہیں، مثلاً ادائیگی کا طریقہ شامل کرنا یا بزنس ویری فکیشن مکمل کرنا۔

میٹا کے مطابق اکاؤنٹ کی سیٹنگز میں تبدیلی کے لیے تصدیق شدہ صارف کی اجازت ضروری ہوگی، جبکہ ایم سی پی سیٹ اپ کے دوران تصدیق اور اجازتوں کی بھی جانچ کرے گا۔