احد رضا میر کا 2027 میں تمام شوبز مصروفیات سے بریک کا اعلان

پاکستان ڈراما انڈسٹری کے معروف اداکار احد رضا میر نے شوبز انڈسٹری سے عارضی وقفہ لینے کا بڑا اعلان کر دیا ہے۔

احد رضا میر کا شمار پاکستانی ڈراما انڈسٹری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے یقین کا سفر، عہد وفا، یہ دل میرا، ہم تم اور میم سے محبت جیسے سپرہٹ ڈراموں میں شاندار اداکاری کی ہے۔ وہ حال ہی میں گرین ٹی وی کے ڈرامے ایک محبت اور میں ہارون کے کردار سے داد سمیٹ چکے ہیں اور ان دنوں یمنیٰ زیدی کے ساتھ نئے ڈرامے کیف فراق کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک انسٹا لائیو سیشن کی ویڈیو میں احد رضا میر نے مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اگلے سال انڈسٹری سے لمبی چھٹی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا میں نے سوچا آپ لوگوں کو وقت پر بتا دوں تاکہ آپ میرے اس فیصلے کے لیے تیار رہیں۔

اداکار نے واضح کیا کہ یہ بریک مکمل ہوگا، وہ مکمل طور پر منظر عام سے غائب ہو جائیں گے، اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاریں گے اور اس دوران ان کا انسٹاگرام بھی بند رہے گا۔ انہوں نے اپنے اس فیصلے کو نیم ریٹائرمنٹ قرار دیا ہے۔

احد کے اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہے۔ بعض مداح سمجھ رہے ہیں کہ شاید وہ شادی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ مسلسل 2 سال کی سخت محنت کے بعد انہیں ذہنی سکون اور آرام کی ضرورت ہے۔