آئی سی سی ورلڈکپ 2027 گروپس کا اعلان، پاکستان اور بھارت کا پھر ایک گروپ

آئی سی سی نے ورلڈکپ 2027 کے ابتدائی گروپس کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹ جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی ورلڈ کپ 2027 جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کے 12 وینیوز پر کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں تین راؤنڈز کے بعد سیمی فائنلز اور فائنل ہوگا۔

میزبان جنوبی افریقا اور زمبابوے کے علاوہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کی بنیاد پر مزید 8 ٹیموں نے براہِ راست جگہ بنالی ہے۔

براہِ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں جنوبی افریقا، زمبابوے،افغانستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ،انگلینڈ، بھارت، پاکستان، سری لنکا اور بنگلا دیش شامل ہیں۔

باقی چار ٹیموں کا فیصلہ فروری اور مارچ 2027 میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر کے ذریعے ہوگا۔

سپر سیریز سے ورلڈ کپ کا آغاز

نئے فارمیٹ میں سب سے پہلے 14 کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں سے کم درجہ رکھنے والی تین ٹیمیں سپر سیریز کھیلیں گی۔

تینوں ٹیمیں آپس میں ایک، ایک میچ کھیلیں گی اور اس مرحلے کی فاتح ٹیم اگلے راؤنڈ میں پہنچ جائے گی۔

سپر سیریز کے بعد گروپ میچز

سپر سریز کے فیصلے کے بعد 12 ٹیموں کو چھ، چھ کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ دونوں گروپس میں ہر ٹیم باقی ٹیموں کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلے گی۔

ہر گروپ سے ابتدائی طور پر تین ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچیں گی، جبکہ دونوں گروپس کی چوتھے نمبر کی ٹیموں میں سے بہتر کارکردگی دکھانے والی ٹیم بھی اگلے مرحلے میں جگہ بنائے گی۔

گروپ اے میں بھارت، پاکستان، آسٹریلیا، افغانستان، زمبابوے اور ایک کوالیفائر ٹیم جب کہ گروپ بی میں جنوبی افریقا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بنگلا دیش اور ایک کوالیفائر ٹیم شامل ہے۔

سپر 7 میں 7 ٹیمیں آمنے سامنے

اس کے بعد ٹورنامنٹ کا منفرد ’سپر 7‘ مرحلہ ہوگا۔ اس میں ساتوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلیں گی۔

اس مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔

سیمی فائنل میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کا مقابلہ چوتھے نمبر والی ٹیم سے ہوگا، جبکہ دوسرے نمبر کی ٹیم تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے مدمقابل آئے گی۔

دونوں سیمی فائنلز کے فاتح عالمی کپ کے فائنل میں ٹائٹل کیلئے مقابلہ کریں گے۔