پی سی بی اور سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ کے بولنگ کنسلٹنٹ کے لئے معاملات طے

کراچی: میڈیا میں خبریں سامنے آرہی ہیں کہ قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کنسلٹنٹ بننے کے لئے آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر شان ٹیٹ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات طے پا گئے۔

ستمبر 2026 میں رپورٹس سامنے آئیں تھیں کہ پی سی بی نے قومی ٹیم کے کوچنگ سیٹ اَپ میں کنسلٹنسی کے لیے شان ٹیٹ سے بات چیت شروع کی ہے۔

تاہم اب خبریں ہیں کہ شان ٹیٹ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات طے پا گئے ہیں۔

شان ٹیٹ کے بطور بولنگ کنسلٹنٹ تقرر کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا، وہ جلد اپنی ذمہ داریاں نبھانے پاکستان پہنچیں گے۔

شان ٹیٹ اس سے قبل بھی پاکستان کی قومی ٹیم کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں، اس کے علاوہ وہ بنگلا دیش اور مختلف پی ایس ایل فرنچائزز کے ساتھ بولنگ کوچ کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں۔

شان ٹیٹ کو فروری 2022 میں پاکستان کا فاسٹ بولنگ کوچ مقرر کیا گیا اور انہوں نے مارچ 2022 سے ذمہ داریاں سنبھالیں۔ ان کا معاہدہ ایک سال کے لیے تھا، جو جنوری 2023 میں ختم ہوا۔

دسمبر 2023 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے انہیں پی ایس ایل 9 کے لیے بولنگ کوچ مقرر کیا۔ وہ ہیڈ کوچ شین واٹسن کے ساتھ کام کر رہے تھے۔

شان ٹیٹ نے پی ایس ایل کے 10 ویں ایڈیشن کراچی کنگز کے فاسٹ بولنگ کوچ کی ذمہ داری سنبھالی۔ کراچی کنگز نے اپریل 2025 میں بھی ان کے کوچنگ کردار کی تصدیق کی تھی۔

مئی 2025 میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے انہیں قومی ٹیم کا پیس بولنگ کوچ مقرر کیا۔ ابتدائی معاہدہ نومبر 2027 تک تھا، لیکن شان ٹیٹ نے 4 جون 2026 کو عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔