ویسٹ انڈیزنےبھارت کے خلاف ٹی20کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی

رانچی: شائی ہوپ اور شیرفین ردرفورڈ کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے بھارت کے 250 رنز کا ہدف حاصل کرکے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں کامیاب تعاقب کا دوسرا بڑا ریکارڈ بنا لیا۔

بھارتی شہر رانجی میں کھیلےگئے ٹی20 میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے۔ جواب میں ویسٹ انڈیز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 18.3 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

ویسٹ انڈیز کی جیت کے مرکزی کردار کپتان شائی ہوپ اور شیرفین ردرفورڈ رہے، جنہوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 120 رنز کی دھواں دار شراکت قائم کرکے میچ کا رخ بدل دیا۔ ہوپ نے ناقابل شکست 102 رنز بنائے، جبکہ ردرفورڈ نے صرف 37 گیندوں پر 84 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

شائی ہوپ نے 45 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔ ان کی اننگز کا اختتام فیصلہ کن چھکے پر ہوا، جس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے نہ صرف میچ جیتا بلکہ کامیاب ٹی 20 تعاقب کی تاریخ میں دوسرا بڑا مجموعہ بھی حاصل کر لیا۔

ردرفورڈ نے اپنی اننگز میں سات چوکے اور سات چھکے لگائے۔ انہوں نے صرف 24 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کرکے بھارتی بولرز کو دباؤ میں ڈال دیا۔ دوسری جانب ہوپ نے ذمہ داری کے ساتھ بیٹنگ جاری رکھی اور روماریو شیفرڈ کے ساتھ ناقابل شکست 74 رنز کی شراکت بھی قائم کی۔ شیفرڈ نے 34 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز کا آغاز البتہ مشکلات سے ہوا۔ بھارتی فاسٹ بولر میانک یادو نے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں حاصل کرکے مہمان ٹیم کو دباؤ میں ڈال دیا۔ انہوں نے بعد میں روومین پاول کو بھی آؤٹ کیا، لیکن ہوپ اور ردرفورڈ کی جارحانہ بیٹنگ نے بھارت کی ابتدائی برتری ختم کر دی۔

اس سے قبل بھارتی ٹیم کی جانب سے سنجو سیمسن نے 41 گیندوں پر 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ایشان کشن نے 43 رنز بنائے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 97 رنز جوڑے۔ بعد ازاں کپتان شریاس ائیر نے 18 گیندوں پر 40 رنز جبکہ تلک ورما نے ناقابل شکست 44 رنز بنا کر بھارت کو بڑے مجموعے تک پہنچایا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن چیز نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شمر اسپرنگر نے سنجو سیمسن کو آؤٹ کیا۔

بھارتی کپتان شریاس ائیر نے شکست کے بعد شبنم کو بھی اہم وجہ قرار دیا۔ ان کے مطابق گیلی گیند اور میدان میں شبنم کی موجودگی نے دوسری اننگز میں بولنگ کو مشکل بنا دیا، جبکہ اس وکٹ پر معمولی غلطی کی سزا بھی چوکے یا چھکے کی صورت میں مل رہی تھی۔

ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں کامیاب تعاقب کا عالمی ریکارڈ جنوبی افریقہ کے پاس ہے، جس نے 2023 میں سینچورین میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 259 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔ ویسٹ انڈیز کا اس سے قبل بہترین کامیاب تعاقب 2015 میں جوہانسبرگ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 231 رنز کا تھا۔

رانچی میں اس فتح کے بعد ویسٹ انڈیز نے پانچ میچوں کی سیریز میں واپسی کرتے ہوئے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا ہے۔