بالی ووڈ اداکار عامر خان کی بھانجی اور فلم ساز منصور خان کی بیٹی زین میری خان نے ممبئی میں احتجاج کے دوران پولیس حراست میں لیے جانے کے بعد اپنے جسم پر چوٹوں کے نشانات دکھاتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق زین میری خان کو ممبئی کے اگست کرانتی میدان میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے پر ہونے والے احتجاج کے دوران عمران خان اور لیکھا واشنگٹن سمیت حراست میں لیا گیا تھا۔
رہائی کے بعد زین میری نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں انہوں نے اپنے بازوؤں، انگلیوں اور ران پر چوٹوں کے نشانات دکھائے۔ ویڈیو کو ڈیموکریٹک فٹ چیک کا نام دیتے ہوئے انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا، اور کتنا ڈرانے کی کوشش کرو گے؟ ڈر ختم ہی ہو جائے گا۔
انہوں نے پوسٹ کے کیپشن میں بھی ریاستی کارروائی پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ وہ انٹرنیٹ پر ریاست کو بے نقاب کر رہی ہیں۔
زین میری نے اس سے قبل احتجاج کے دوران پولیس کی جانب سے حراست میں لیے جانے کی ویڈیوز بھی شیئر کی تھیں۔ ایک ویڈیو میں وہ پولیس اہلکار سے طنزیہ انداز میں کہتی دکھائی دیں، سر، اس اعزاز کے لیے شکریہ۔ بعد ازاں انہوں نے عمران خان کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے انقلاب زندہ باد بھی لکھا۔
ادھر عمران خان کی گرل فریند لیکھا واشنگٹن نے بھی سوشل میڈیا پر ویڈیوز شیئر کی تھیں۔ ایک ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ پولیس انہیں گھر جانے نہیں دے رہی، تاہم بعد میں انہوں نے کہا کہ سب محفوظ ہیں اور گھر واپس جا رہے ہیں۔
زین میری کی جانب سے دکھائے گئے نشانات کے حوالے سے پولیس کا مؤقف یا ان چوٹوں کی وجہ اس رپورٹ میں واضح نہیں کی گئی۔


