اسلام آباد: پاک فوج نے فتح-2 ایکسٹینڈڈ رینج (ای آر) ہائپر سونک بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جسے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے مطابق جدید نیویگیشن سسٹم، جدید ترین ایویونکس اور مخصوص پروازی راستے کے باعث فتح-2 ایکسٹینڈڈ رینج ہائپر سونک بیلسٹک میزائل انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے اور دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو چکمہ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
فتح-2 ای آر کے توسیع شدہ فاصلے سے فوج کی دور دراز اہداف تک رسائی اور انہیں نشانہ بنانے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔ میزائل کی مخصوص پروازی ساخت اور دورانِ پرواز سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت اسے ایک اہم دفاعی نظام بناتی ہے۔
میزائل کا تجربہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران اور متعلقہ سائنس دانوں و انجینئرز کی موجودگی میں کیا گیا۔ اس موقع پر کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے کامیاب تجربے پر سائنس دانوں اور انجینئرز کی محنت، لگن اور تکنیکی مہارت کو سراہا۔
فتح-2 ای آر کے کامیاب تجربے پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارک باد پیش کی۔
یہ کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی ٹیکنالوجی میں جاری پیش رفت اور ملکی دفاع کے لیے جدید میزائل نظاموں کی تیاری میں سائنس دانوں اور انجینئرز کے کردار کو نمایاں کرتا ہے۔


