قلعہ سیف اللہ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، اہم دہشت گرد کمانڈر ہلاک

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے اہم دہشت گرد کمانڈر عادل شاہ عرف درویش کو ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی آپریشن ’’ردالفتنہ 3‘‘ کے تحت کی گئی، جس میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گرد کی موجودگی کا سراغ لگا کر مؤثر کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد دسمبر 2020 سے فتنہ الخوارج سے وابستہ تھا اور 2024 سے گروہ کے مالی معاملات کی نگرانی کی ذمہ داری بھی سنبھالے ہوئے تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق عادل شاہ عرف درویش غیر مقامی دہشت گردوں کو ژوب، شیرانی اور شعبان کے علاقوں میں رہائش فراہم کرنے میں سہولت کاری کرتا تھا۔ وہ 2022 اور 2023 سے سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور اغوا برائے تاوان کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہا۔

ذرائع کے مطابق دہشت گرد کمانڈر کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی عدالتوں میں 19 مقدمات درج تھے، جبکہ اس کی گرفتاری میں مدد دینے کے لیے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے، جن کا مقصد دہشت گرد نیٹ ورکس، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونت کے ذرائع کو ختم کرنا ہے۔