سارہ علی خان کا بالی ووڈ کیرئیر میں خاندانی پس منظر کا فائدہ ہونے کا اعتراف

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ سارہ علی خان نے فلم انڈسٹری میں اقربا پروری (نیپوٹزم) کے معاملے پر کھل کر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ معروف فلمی خاندان سے تعلق رکھنے کے باعث انہیں اپنے کیریئر کے آغاز میں فائدہ ضرور ملا، تاہم ان کے مطابق انڈسٹری میں ان کا کوئی گاڈفادر نہیں تھا اور فلموں کے حصول کے لیے انہیں خود کوششیں کرنا پڑیں۔

سارہ علی خان ان دنوں اپنی نئی فلم ’اڑتا تیر‘ کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ فلم میں ان کے ساتھ آیوشمان کھرانہ بھی نظر آئے ہیں۔

اپنی فلم کی تشہیر کے لئے معروف بھارتی فلمی جریدے فلم فیئر کو دیے گئے انٹرویو میں سارہ نے اپنے خاندانی پس منظر، کیریئر اور بالی ووڈ میں اقربا پروری سے متعلق بحث پر گفتگو کی۔

سارہ علی خان کا کہنا تھا کہ وہ اس حقیقت سے انکار نہیں کرتیں کہ فلمی خاندان سے تعلق رکھنے کی وجہ سے ان کے لیے کئی دروازے کھلے، انہیں مواقع ملے اور اداکارہ بننے سے پہلے ہی پہچان اور شہرت حاصل ہوئی۔

تاہم خاندانی پس منظر کے ساتھ توقعات بھی بڑھ جاتی ہیں، جس کے باعث فنکاروں کو خود کو بار بار ثابت کرنا پڑتا ہے۔

سارہ نے کہا کہ وہ اس بات کو تسلیم کرتی ہیں کہ انہیں ایسا ڈیبیو ملا جس کے لیے بہت سے لوگ کوشش کرتے ہیں، لیکن کیریئر کے آٹھ سال بعد بھی اگر انہیں اپنی صلاحیتوں کا دفاع کرنا پڑے تو اسے مکمل طور پر ان کی ذمہ داری قرار دینا درست نہیں۔

اقربا پروری کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے سارہ علی خان نے جھانوی کپور اور اننیا پانڈے کا حوالہ بھی دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ انہوں نے، نہ جھانوی اور نہ ہی اننیا نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ کس گھرانے میں پیدا ہوں گی۔ فلمی خاندانوں میں پیدا ہونا ایک خوش قسمتی ہے اور اس کا فائدہ بھی ملتا ہے، لیکن اس بنیاد پر کسی فنکار کی محنت کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نیپوٹزم اب ایک منفی اصطلاح بن چکی ہے، جس کے باعث بعض اوقات فنکاروں کی اپنی محنت اور جدوجہد پس منظر میں چلی جاتی ہے۔

سارہ علی خان نے کہا کہ وہ اپنی والدہ کے ساتھ پلی بڑھیں، انہیں والد کی جانب سے وہ پیشہ ورانہ مدد نہیں ملی جس کا لوگ اکثر تصور کرتے ہیں۔ ان کے والد نے کسی فلم میں کردار دلانے کے لیے سفارش نہیں کی، نہ ہی ان کے معاہدوں پر بات چیت کرنے یا فلم سازوں سے انہیں کاسٹ کرنے کی درخواست کرنے کے لیے کوئی موجود تھا۔

سارہ نے اپنی پہلی فلم ’کیدارناتھ‘ کے حوالے سے پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ معاملات خود حل کرنا پڑے اور اس وقت ان کے ساتھ کوئی نہیں تھا۔