معمر رانا کی اہلیہ نے شادی کے28سال بعد عدالت کے ذریعے خلع لے لی

لاہور: پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار معمر رانا سےان کی اہلیہ نےشادی کے 28سال بعدخلع لے لی ہے۔

معمر رانا کی اہلیہ مہناز نے لاہور کی فیملی کورٹ سے خلع حاصل کرلی ہے، جس کے بعد دونوں کے درمیان تقریباً 28 سال سے قائم ازدواجی رشتے کے خاتمے کا قانونی فیصلہ سامنے آگیا۔

عدالتی کارروائی کے دوران مہناز معمر رانا کی جانب سے وکیل خدیجہ صدیقی نے دلائل پیش کیے۔ درخواست گزار نے اپنے مؤقف میں کہا کہ ان کی شادی معمر رانا سے 24 اکتوبر 1998 کو ہوئی تھی اور اس رشتے سے ان کی دو بیٹیاں ہیں۔

درخواست میں الزام عائد کیا گیا کہ معمر رانا مبینہ طور پر شراب نوشی کے بعد ان کے ساتھ بدسلوکی، تشدد اور گالم گلوچ کرتے تھے۔ مہناز کے مطابق بعض مواقع پر بیٹیوں کے سامنے بھی نامناسب رویہ اختیار کیا گیا، جس سے انہیں بھی ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

درخواست گزار نے یہ شکایت بھی کی کہ شوہر گھر کے اخراجات برداشت نہیں کر رہے تھے۔ ان کے مطابق اہل خانہ نے معاملات بہتر بنانے اور معمر رانا کے رویے میں تبدیلی لانے کی متعدد کوششیں کیں، لیکن ان کوششوں کے باوجود حالات میں بہتری نہ آسکی۔

مہناز نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ وہ اس ازدواجی تعلق کو مزید جاری رکھنے پر آمادہ نہیں اور انہیں خلع کی ڈگری جاری کی جائے۔ عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے خلع کی ڈگری جاری کردی۔

دوسری جانب معمر رانا اس سے قبل ایک انٹرویو میں اہلیہ کے ساتھ صلح کی خواہش ظاہر کرچکے تھے اور انہوں نے اس رشتے کو ختم نہ کرنے کی بات کی تھی۔ تاہم عدالتی فیصلے کے بعد دونوں کی ازدواجی زندگی ایک نئے قانونی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔