کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے اپنی نجی زندگی کا ایک ایسا واقعہ بیان کیا ہے جس نے ان کے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ اداکارہ کے مطابق جب انہیں شوبز میں غیر معمولی شہرت حاصل ہوئی تو ان کے اپنے بیٹے نے انہیں اسکول آنے سے منع کردیا تھا۔
اپنے یوٹیوب چینل پر شروع کیے گئے پہلے پوڈکاسٹ میں اداکار جنید خان سے گفتگو کےدوران عتیقہ اوڈھو نے بتایا کہ انہوں نے 1990 کی دہائی کے آغاز میں شوبز کی دنیا میں قدم رکھا تو ان کے بچے ابھی کم عمر تھے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا اور وہ پاکستان کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہونے لگیں۔
اداکارہ کے مطابق اس وقت ان کا بیٹا بلال لاہور کے معروف تعلیمی ادارے ایچی سن کالج میں زیر تعلیم تھا۔ والدہ کی بڑھتی ہوئی شہرت کے دوران بیٹے نے ان سے ایک غیر معمولی درخواست کی اور باقاعدہ قسم لے کر وعدہ کروایا کہ وہ اسے ملنے اسکول نہیں آئیں گی۔
عتیقہ اوڈھو نے بتایا کہ بیٹے کا مؤقف تھا کہ وہ نہیں چاہتا کہ اسکول کے دوسرے لڑکے اس کی والدہ کو وہاں دیکھیں۔ اداکارہ نے بیٹے کے جذبات کو سمجھتے ہوئے اس کی بات مان لی اور پھر واقعی کبھی اس سے ملنے اسکول نہیں گئیں۔
ان کے بقول، کسی معروف شخصیت کا بیٹا ہونا بعض اوقات لڑکوں کے لیے مشکل صورت حال پیدا کرسکتا ہے، خصوصاً اس عمر میں جب وہ اپنی سماجی زندگی اور دوستوں کے درمیان الگ پہچان برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
اداکارہ کی اس گفتگو نے یہ پہلو بھی اجاگر کیا کہ کسی فنکار کی شہرت صرف اس کی اپنی زندگی تک محدود نہیں رہتی بلکہ اس کے اہل خانہ، بالخصوص بچوں کی روزمرہ زندگی پر بھی اثر انداز ہوسکتی ہے۔


