سڈنی: آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز گلین میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ ان کا یہ فیصلہ انگلینڈ کے خلاف نومبر میں ہونے والی ٹی 20 سیریز کے لیے آسٹریلوی اسکواڈ میں جگہ نہ ملنے کے بعد سامنے آیا ہے۔
38 سالہ گلین میکسویل نے پوڈکاسٹ پروگرام ’دی فائنل ورڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ ان کے لیے کسی حد تک افسوسناک ضرور ہے، تاہم انہیں اس کی توقع بھی تھی۔
میکسویل نے بتایا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد سلیکٹرز کے ساتھ ان کے مستقبل کے حوالے سے کئی مرتبہ بات چیت ہوئی تھی۔ دونوں فریقین نے اس وقت انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا امکان کھلا رکھنے پر اتفاق کیا تھا، تاہم آسٹریلوی ٹیم انتظامیہ مستقبل کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتی تھی۔
ان کے مطابق بنگلادیش کے خلاف سیریز میں بھی نوجوان کھلاڑیوں کو آزمایا گیا اور انہوں نے اچھی کارکردگی دکھائی، جس سے ٹیم کی مستقبل کی حکمت عملی واضح ہوگئی۔
میکسویل کو امید تھی کہ انگلینڈ کے خلاف میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں انہیں الوداعی میچ کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے، تاہم انہوں نے سلیکٹرز کے فیصلے کو سمجھنے کا اظہار کیا۔
میکسویل کا شاندار انٹرنیشنل کیریئر
گلین میکسویل نے آسٹریلیا کی جانب سے 130 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے اور 154.42 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2 ہزار 897 رنز بنائے۔ وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں۔ ان سے آگے ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ ہیں۔
انہوں نے 149 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 3 ہزار 990 رنز اسکور کیے، جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی صرف 7 میچز میں کی۔ وہ گزشتہ سال ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ لے چکے تھے۔
میکسویل نے فرسٹ کلاس کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ دیا ہے، تاہم وہ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں میلبرن رینیگیڈز کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔
انہوں نے اپنے کیریئر پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر 2009 میں وکٹوریہ کی ٹیم کے ڈریسنگ روم میں قدم رکھنے کے وقت انہیں اس کیریئر کی پیشکش کی جاتی تو وہ بخوشی قبول کرلیتے۔


