ورلڈ کپ میں نجی سرمایہ کاری کا منصوبہ:متنازع منصوبے کی دستاویزات سامنے لانے کا اعلان

پیرس: فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ کے مقابلوں میں نجی سرمایہ کاروں کو حصہ دینے کے متنازع منصوبے سے متعلق اہم دستاویزات اپنی کونسل کے ارکان کو دکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فیفا سے قریبی تعلق رکھنے والے ایک ذریعے نے بتایا کہ تنظیم نے کونسل کے ارکان کو آگاہ کردیا ہے کہ وہ فیفا فارورڈ انٹرپرائز (ایف ایف ای) منصوبے سے متعلق اہم دستاویزات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔

فیفا کے سیکریٹری جنرل میتھیاس گرافسٹروم نے پیر کے روز کونسل ارکان کو خط بھیجا، جس میں انہیں آئندہ دو ہفتوں کے دوران دستاویزات دیکھنے کی خواہش ظاہر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ دستاویزات سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں فیفا کے مرکزی دفتر میں مخصوص شرائط کے تحت ذاتی طور پر دیکھی جا سکیں گی۔

فیفا کونسل میں مجموعی طور پر 37 ارکان شامل ہیں، جن میں صدر جیانی انفانٹینو اور آٹھ نائب صدور بھی شامل ہیں۔

نجی سرمایہ کاری کا منصوبہ کیوں متنازع ہوا؟

فیفا صدر جیانی انفانٹینو نے رواں سال جولائی کے آخر میں ایک منصوبہ پیش کیا تھا، جس کے تحت ورلڈ کپ سمیت فیفا کے بڑے مقابلوں میں نجی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کا موقع دیا جانا تھا۔ اس تجویز کے سامنے آنے کے بعد فٹبال حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا، جبکہ یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا نے اس کی مخالفت کی۔

تنقید اور مخالفت کے بعد انفانٹینو نے یہ منصوبہ ترک کردیا، تاہم یوئیفا نے معاملے کی مزید تحقیقات کے لیے امریکی ریاست فلوریڈا کی عدالت سے بھی رجوع کیا ہے۔ اس کا مقصد سوئٹزرلینڈ میں فیفا صدر کے خلاف ممکنہ طور پر مالی و انتظامی بدانتظامی کی شکایت کے لیے شواہد حاصل کرنا ہے۔

یوئیفا کے سیکریٹری جنرل تھیوڈور تھیوڈوریڈس نے 15 اکتوبر کو فیفا کونسل کے اجلاس کے بعد سیکریٹری جنرل میتھیاس گرافسٹروم کو خط لکھ کر 40 سے زائد سوالات اور معلومات کی درخواستیں بھیجی تھیں۔

ان سوالات میں ایف ایف ای منصوبے کے علاوہ فیفا کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن انعام دینے اور ورلڈ کپ میں امریکی کھلاڑی فولارین بالوگن کو دکھائے گئے ریڈ کارڈ کی سزا معطل کرنے کے فیصلے سے متعلق معاملات بھی شامل تھے۔ اے ایف پی کے مطابق فیفا نے یوئیفا کی مقرر کردہ 2 نومبر کی ڈیڈ لائن تک جواب نہیں دیا اور مؤقف اختیار کیا کہ اتنے کم وقت میں جواب دینا عملی طور پر ممکن نہیں تھا۔

انفینٹینو کی دوبارہ صدارت کی تیاری

دوسری جانب جیانی انفینٹینو آئندہ سال مارچ میں فیفا کی صدارت کے لیے دوبارہ انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کے مقابلے میں امیدواروں کے نامزدگی کے اعلان کی آخری تاریخ 18 نومبر مقرر ہے۔

ایشین فٹبال کنفیڈریشن 23 اکتوبر کو انفینٹینو کی دوبارہ صدارت کی حمایت کا اعلان کرچکی ہے۔ ادھر شمالی امریکی فٹبال کنفیڈریشن کے سربراہ وکٹر مونٹالیانی کا نام ممکنہ امیدوار کے طور پر سامنے آیا تھا، تاہم انہوں نے اپنی موجودہ ذمہ داری کے لیے نئی مدت حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

سابق ٹوٹنہم، سیلٹک اور سوئٹزرلینڈ کے فٹبالر رامون ویگا بھی صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کی خواہش ظاہر کرچکے ہیں، تاہم یہ واضح نہیں کہ انہیں امیدوار بننے کے لیے مطلوبہ حمایت حاصل ہو سکے گی یا نہیں۔