سارہ خان نے شوہر فلک شبیر کو ڈراما درنجات کے ابو بکر کا بھی ابو قرار دے ڈالا

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ خان ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ اگر ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تو اس کی تربیت بیٹیوں سے کچھ مختلف انداز میں کریں گی۔

اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں شرکت کے دوران سارہ خان نے اپنی نجی زندگی، ازدواجی تعلقات، بچوں کی تربیت اور مستقبل کی خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق دلچسپ گفتگو کی۔

سارہ خان نے اپنے شوہر اور معروف گلوکار فلک شبیر کے حوالے سے بھی دلچسپ باتیں شیئر کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلک شبیر نے انہیں زندگی میں تحمل، سکون اور مختلف حالات کو بہتر انداز میں برداشت کرنے کا ہنر سکھایا ہے۔ پہلے وہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر پریشان ہوجاتی تھیں، تاہم اب وہ زیادہ اطمینان اور سمجھ داری سے معاملات کو دیکھتی ہیں۔

اداکارہ نے مزاحیہ انداز میں فلک شبیر کا موازنہ ڈرامہ ’’درِ نجات‘‘ کے مقبول کردار ابوبکر سے بھی کیا اور انہیں ابوبکر کا ابو قرار دیا۔ اس گفتگو کے دوران میزبان ندا یاسر نے بھی کردار کی مقبولیت اور اس سے متعلق ناظرین کی پسندیدگی کا ذکر کیا۔

سارہ خان نے بچوں کی تربیت کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں بچوں سے بے حد محبت ہے اور وہ بڑے خاندان کو پسند کرتی ہیں۔ اگر مستقبل میں ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تو اس کی تربیت بیٹیوں سے کچھ مختلف انداز میں کریں گی، کیونکہ وہ عالیانہ اور رانیہ کو بہت زیادہ لاڈ پیار دیتی ہیں۔

سارہ خان اور فلک شبیر نے 2020 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں دو بیٹیوں عالیانہ اور رانیہ کی پیدائش ہوئی۔ سارہ خان پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں ’’ثبات‘‘، ’’رقصِ بسمل‘‘، ’’ہم تم‘‘، ’’بیلاپور کی ڈائن‘‘ اور ’’شیر‘‘ جیسے ڈراموں میں اپنی اداکاری کے باعث پہچانی جاتی ہیں۔