کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے سابق کپتان بابر اعظم کے مداحوں کے بارے میں ایسا بیان دے دیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔
اعظم خان نے یہ باتیں ’بیک ورڈ پوائنٹ کرکٹ پوڈکاسٹ‘ میں گفتگو کے دوران کہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کرکٹرز کا فین بیس جاہل ہے۔ بابر اور اس کے گیم میں کوئی خرابی نہیں ہے، لیکن اس کا فین بیس بہت ٹاکسک ہے۔
اعظم خان نے اپنی بات کی وضاحت کے لیے آئرلینڈ میں کھیلے گئے ایک انٹرنیشنل میچ کا واقعہ سنایا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس میچ میں بابر اعظم کے ساتھ بیٹنگ کر رہے تھے، بابر تقریباً 75 رنز پر کھیل رہے تھے اور جیت کے لیے مزید 40 رنز درکار تھے۔
اسی دوران کسی مداح نے ان کی انسٹاگرام تصویر پر کمنٹ کیا کہ اگر تم نے بابر کی سنچری روکی تو تمہاری ماں مر جائے گی اور تمہارے والد کو کینسر ہو جائے گا۔
اعظم خان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا اب کرکٹرز کے لیے بہت گندا ہو چکا ہے، اور اس طرح کے کمنٹس دیکھ کر دل دکھتا ہے کہ لوگ ایسی باتیں کیوں کہتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کا نشانہ بابر اعظم نہیں، بلکہ ان مداحوں کا رویہ ہے جو دوسرے کھلاڑیوں کو گالیاں، بددعائیں اور دھمکیاں دیتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ رویہ ٹیم کے ماحول کو بھی خراب کرتا ہے۔
بیان سامنے آتے ہی سوشل میڈیا دو حصوں میں تقسیم ہوگیا۔ ایک طبقہ اعظم خان کی حمایت میں سامنے آیا اور کہا کہ وہ بالکل درست کہہ رہے ہیں، جبکہ بابر کے مداحوں نے اعظم خان کی فٹنس، کارکردگی اور سلیکشن پر سوال اٹھا کر جوابی حملے شروع کر دیے۔ سوشل میڈیا پر اس وقت بابر سَنز اور اعظم خان کے حامیوں کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے۔


