سینڈ پیپر تنازع پرمچل اسٹارک پرانے موقف پر قائم؛ عثمان خواجہ کے دعوے مسترد کردیے

سڈنی: آسٹریلوی کرکٹ میں 2018 کے بدنام زمانہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل ’’سینڈ پیپر گیٹ‘‘ پر ایک بار پھر بحث چھڑ گئی ہے۔ آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے سابق ساتھی کھلاڑی عثمان خواجہ کے اس دعوے کی تردید کردی ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف گیند کی حالت تبدیل کرنے کے منصوبے سے پوری آسٹریلوی ٹیم آگاہ تھی۔

سڈنی میں کرکٹ سیزن کی افتتاحی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مچل اسٹارک نے کہا کہ آٹھ سال پرانے واقعے کے بارے میں مختلف لوگوں کی مختلف آرا ہوسکتی ہیں، تاہم ان کا مؤقف آج بھی وہی ہے جو انہوں نے 2021 میں اختیار کیا تھا۔

اسٹارک کے مطابق انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ گیند سے چھیڑ چھاڑ کے لیے کوئی بیرونی چیز میدان میں لائی گئی ہے۔ انہیں اس واقعے کا پہلی مرتبہ علم اس وقت ہوا جب کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران اسٹیڈیم کی بڑی اسکرین پر فوٹیج دکھائی گئی۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ دوسرے بولرز کی جانب سے بات نہیں کرسکتے، تاہم اپنی یادداشت اور پہلے دیے گئے بیان پر قائم ہیں۔ اسٹارک نے عثمان خواجہ کی نئی کتاب کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے ابھی یہ کتاب نہیں پڑھی اور غالباً پڑھنے کا ارادہ بھی نہیں رکھتے، اس لیے ان دعوؤں کی وضاحت خواجہ ہی کرسکتے ہیں۔

عثمان خواجہ کےسوانح عمری میں انکشاف

یہ تنازع عثمان خواجہ کی نئی خودنوشت کتاب ’’صبر‘‘ کی اشاعت کے بعد دوبارہ خبروں میں آیا ہے۔ خواجہ نے اپنی کتاب میں 2018 کے جنوبی افریقہ دورے کے دوران پیش آنے والے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر تفصیل سے بات کی ہے۔

ان کا دعویٰ ہے کہ گیند کی حالت تبدیل کرنے کا منصوبہ آسٹریلوی ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں کے علم میں تھا اور یہ معاملہ صرف ان تین کھلاڑیوں تک محدود نہیں تھا جنہیں بعد میں سزا دی گئی۔

خواجہ کے مطابق ٹیم کے اندر اس معاملے پر اجتماعی ذمہ داری قبول کرنے کی بات بھی ہوئی تھی، تاہم ان کی کوششوں کو پذیرائی نہیں ملی۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ گیند سے چھیڑ چھاڑ کا عمل کیپ ٹاؤن ٹیسٹ سے پہلے پورٹ الزبتھ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے دوران بھی شروع ہوچکا تھا۔ یہ دعویٰ سابقہ تحقیقات میں سامنے آنے والے مؤقف سے مختلف ہے۔

ڈیوڈ وارنر نے بھی خواجہ کے دعوے کی حمایت کردی

اعثمان خواجہ کے انکشافات کے بعد سابق آسٹریلوی نائب کپتان ڈیوڈ وارنر بھی سامنے آئے اور انہوں نے خواجہ کے مؤقف کو مکمل درست قرار دی

وارنر نے خواجہ کے دعوؤں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیان کردہ باتیں ’’100 فیصد درست‘‘ ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 2018 کے اسکینڈل میں وارنر خود بھی سزا پانے والے تین کھلاڑیوں میں شامل تھے۔

اس طرح ایک طرف وارنر اور خواجہ کے بیانات ہیں، جبکہ دوسری جانب مچل اسٹارک سمیت آسٹریلوی بولرز اپنے سابق مؤقف پر قائم ہیں۔

سینڈ پیپر گیٹ اسکینڈل کیا ہے؟

یہ تنازع مارچ 2018 میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران سامنے آیا تھا۔

میچ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی سطح تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کیمروں نے پکڑ لیا تھا۔ اس واقعے کی فوٹیج سامنے آنے کے بعد آسٹریلوی کرکٹ میں شدید ہلچل مچ گئی تھی۔

تحقیقات کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو ذمہ دار قرار دیا تھا۔

اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر ایک، ایک سال جبکہ بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔ اسمتھ اور وارنر کو قیادت کے عہدوں سے بھی محروم ہونا پڑا تھا۔

اس واقعے نے آسٹریلوی کرکٹ کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا اور اسے کرکٹ کی تاریخ کے بڑے تنازعات میں شمار کیا جاتا ہے۔

دوبارہ تحقیقات ہوں گی؟

عثمان خواجہ کے نئے انکشافات کے بعد کرکٹ آسٹریلیا میں دوبارہ تحقیقات کا مطالبہ بھی سامنے آیا، تاہم ادارے کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرینبرگ نے فی الحال اس امکان کو مسترد کردیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مختلف افراد کے بیانات میں تضاد ضرور ہے، لیکن ادارے کو ایسا کوئی ٹھوس جواز نظر نہیں آتا جس کی بنیاد پر پرانی تحقیقات دوبارہ کھولی جائیں۔

گرینبرگ کے مطابق متعلقہ کھلاڑیوں کو ماضی میں اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا تھا اور ادارہ اپنی سابقہ تحقیقات کے نتائج سے مطمئن ہے۔

دوسری جانب مچل اسٹارک کا کہنا ہے کہ وہ آٹھ سال پرانے معاملے کو دوبارہ زیر بحث لانے کے بجائے آسٹریلیا کے آئندہ کرکٹ سیزن پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔