امریکا میں ہوٹل سےمعروف عرب گلوکارہ اصالہ نصری کے 60 لاکھ ڈالر کے زیورات چوری

ڈیٹرائٹ: شام کی معروف گلوکارہ اصالہ نصری نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ کے شہر ڈیٹرائٹ میں قیام کے دوران ان کے قیمتی زیورات چوری ہوگئے، جن کی مالیت مختلف میڈیا رپورٹس میں تقریباً 60 لاکھ امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔ تاہم گلوکارہ نے خود زیورات کی مالی مالیت کی تصدیق نہیں کی، ان کے لیے ان اشیا کی جذباتی اہمیت کہیں زیادہ تھی۔

عرب نیوز اور دیگر میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 31 اکتوبر 2026 کو ڈیٹرائٹ کے فوکس تھیٹر میں کنسرٹ کے بعد پیش آیا۔ اصالہ امریکہ کے دورے کے آخری مرحلے میں ڈیٹرائٹ پہنچی تھیں اور شہر کے ایم جی ایم گرینڈ ہوٹل میں مقیم تھیں۔

اصالہ نصری نے 6 نومبر کو سوشل میڈیا پر واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ کنسرٹ سے پہلے ہوٹل میں اپنے زیورات تبدیل کرکے پروگرام میں شرکت کے لیے گئی تھیں۔ ان کے مطابق وہ عموماً سفر کے دوران اپنے زیورات اپنے ساتھ رکھتی ہیں۔

گلوکارہ نے بتایا کہ کنسرٹ کے بعد تھکن کی حالت میں ہوٹل واپس آئیں اور آرام کرنے کے لیے سو گئیں، لیکن اگلی صبح جب انہوں نے اپنا ہار تبدیل کرنے کے لیے بیگ کھولا تو زیورات کا پورا ڈبہ غائب تھا۔

ان کے مطابق اس ڈبے میں موجود تمام زیورات ان کے پاس موجود قیمتی ذاتی اشیا کا حصہ تھے، اس لیے ان کا غائب ہونا ان کے لیے شدید صدمے کا باعث بنا۔

اصالہ نے بتایا کہ چوری ہونے والے زیورات میں ان کے مرحوم والد کے نام اور تصویر سے مزین خاص اشیا بھی شامل تھیں، جن کی تیاری کے لیے انہوں نے ایک سال سے زیادہ انتظار کیا تھا۔

اس کے علاوہ زیورات کے ڈبے میں شوہر، بچوں اور قریبی دوستوں کی جانب سے دیے گئے تحائف بھی موجود تھے۔ بعض زیورات انہوں نے اپنے گانوں، البمز اور کامیاب کنسرٹس کی یاد میں خود خریدے تھے۔

گلوکارہ کے مطابق ان زیورات کی قیمت اپنی جگہ، لیکن ان سے وابستہ یادیں اور جذباتی تعلق ایسی چیزیں ہیں جن کا مالی قدر سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔ وہ فوری طور پر اس واقعے کو منظرعام پر نہیں لانا چاہتی تھیں کیونکہ وہ اپنے امریکی دورے کی کامیابی اور مداحوں کی محبت کو اس خبر سے متاثر نہیں ہونے دینا چاہتی تھیں۔

اصالہ کا کہنا ہے کہ پولیس اور متعلقہ افراد نے ہوٹل میں تلاش اور تحقیقات کیں، لیکن تقریباً ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود انہیں زیورات کی بازیابی یا کسی پیش رفت کے بارے میں اطلاع نہیں ملی۔

امریکی مقامی نشریاتی ادارے ڈبلیو ڈی آئی وی کے مطابق ڈیٹرائٹ پولیس کو یکم نومبر کی صبح تقریباً 10 بج کر 30 منٹ پر ایم جی ایم گرینڈ ہوٹل میں قیمتی زیورات کی چوری کی اطلاع دی گئی تھی۔ پولیس نے متاثرہ خاتون سے ملاقات کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کردیں، تاہم ابتدائی بیان میں متاثرہ خاتون کی شناخت یا زیورات کی مالیت ظاہر نہیں کی گئی تھی۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ چوری میں ملوث مشتبہ شخص ہوٹل کا ملازم نہیں تھا، تاہم پولیس نے اس حوالے سے کوئی حتمی تفصیل جاری نہیں کی۔