ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور خان نے خواتین کو مشورہ دیا ہے کہ خوبصورتی کا تعلق صرف چہرے یا ظاہری شکل سے نہیں بلکہ انسان کے صحت مند اور مطمئن ہونے سے بھی ہے۔اس لئے خواتین کم عمر دکھائی دینے کی دوڑ میں شامل ہونے کے بجائے اپنی جسمانی اور ذہنی صحت کو ترجیح دیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرینہ کپور نے صحافی برکھا دت کے پروگرام ’’موجو اسٹوری‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بوٹوکس اور دیگر کاسمیٹک طریقۂ علاج سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ بوٹوکس کے حق میں نہیں اور اپنی دیکھ بھال کے لیے قدرتی طریقوں کو ترجیح دیتی ہیں۔
کرینہ کے مطابق خود کو بہتر رکھنے کا مطلب صرف جلد کی حفاظت یا ظاہری خوبصورتی برقرار رکھنا نہیں، بلکہ اپنی صلاحیتوں، ذہنی سکون اور زندگی کے دیگر پہلوؤں کا خیال رکھنا بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خاندان اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا، چھٹیاں کرنا اور فلمی مصروفیات سے ہٹ کر دوسری سرگرمیوں میں حصہ لینا بھی اپنی ذات کی دیکھ بھال کا حصہ ہے۔
نوجوان لڑکیوں پر خوبصورت دکھائی دینے کا دباؤ
اداکارہ نے اس رجحان پر تشویش ظاہر کی کہ نوجوان لڑکیاں خود کو ہمیشہ 18 یا 20 سال کی عمر جیسا دکھانے کی خواہش رکھتی ہیں۔ ان کے خیال میں عمر کے بڑھنے کو کسی مسئلے کے طور پر نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ زندگی کے ہر مرحلے کو اعتماد کے ساتھ قبول کرنا چاہیے۔
کرینہ نے کہا کہ وہ اپنی چالیسویں دہائی سے بھرپور لطف اندوز ہورہی ہیں اور انہوں نے پہلے کبھی خود کو اتنا بہتر محسوس نہیں کیا۔ ان کے مطابق وہ بطور اداکارہ بھی اس عمر میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
صحت مندی صرف خوبصورت لگنا نہیں
کرینہ کپور اس سے قبل بھی مختلف مواقع پر اپنی صحت اور طرزِ زندگی کے بارے میں بات کرچکی ہیں۔ اگست 2026 میں غذائیت کی ماہر روجوتا دیویکر کی کتاب کی تقریبِ رونمائی کے موقع پر بھی انہوں نے کہا تھا کہ وہ جلد کے علاج اور بوٹوکس کے بجائے متوازن غذا، چہل قدمی، یوگا اور جسمانی مضبوطی پر توجہ دیتی ہیں۔


