دنیا کی طاقتور ترین اے آئی کمپنی میں انتظامی بحران: این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ مستعفی

واشنگٹن: مصنوعی ذہانت کی دنیا کی معروف کمپنی این ویڈیا کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جینسن ہوانگ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، ان کی رخصتی کے بعد کمپنی میں بڑے انتظامی بحران نے جنم لے لیا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق جینسن ہوانگ نے 12 نومبر کو استعفیٰ دیا، جس کے بعد کمپنی کی چیف فنانشل آفیسر کولیٹ کریس کو عبوری چیف ایگزیکٹو مقرر کردیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جینسن ہوانگ کی ذاتی زندگی سے متعلق سامنے آنے والے انکشافات اور چین کے لیے مبینہ جاسوسی سرگرمیوں سے متعلق الزامات نے کمپنی کو شدید دباؤ میں ڈال دیا تھا۔

امریکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ہوانگ کے ایک خاتون سے تعلقات کے معاملے نے قومی سلامتی کے خدشات کو جنم دیا، جبکہ ایک دوسری خاتون سے مبینہ تعلقات کی خبریں بھی سامنے آئیں۔

ان الزامات کے بعد این ویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے معاملے کی آزادانہ تحقیقات شروع کی تھیں۔ امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی بھی مبینہ جاسوسی روابط کی تحقیقات کررہا ہے۔

جینسن ہوانگ نے اس سے قبل اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت کی تھی، تاہم انہوں نے قومی سلامتی سے متعلق خدشات کی تحقیقات میں مکمل تعاون کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب این ویڈیا نے کہا تھا کہ کمپنی کے پاس ایسا کوئی ثبوت نہیں کہ اس کی حساس معلومات یا قومی سلامتی سے متعلق راز متاثر ہوئے ہوں۔

جینسن ہوانگ کی رخصتی کے بعد کمپنی کے پہلے چیئرمین کے طور پر کاروباری شخصیت ہاروی سی جونز کو بھی مقرر کیا گیا ہے۔

این ویڈیا دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کے لیے جدید ترین چپس تیار کرنے والی سب سے اہم کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے اور جینسن ہوانگ نے تین دہائیوں سے زائد عرصے میں اسے عالمی ٹیکنالوجی کی ایک بڑی طاقت بنایا۔

ان کی رخصتی کی خبر سامنے آنے کے بعد امریکی مارکیٹ میں این ویڈیا کے حصص کی قیمت میں بھی نمایاں گراوٹ دیکھی گئی۔

جینسن ہوانگ کی علیحدگی کو صرف ایک کمپنی کی انتظامی تبدیلی نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت، عالمی ٹیکنالوجی کی دوڑ اور امریکا چین تعلقات کے تناظر میں بھی اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔