اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے تین رینجرز اہلکاروں کو گاڑی تلے کچلنے کے مقدمے میں ملزم محمد ہاشم عباسی کی ضمانت سے متعلق انسداد دہشت گردی عدالت کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے ضمانت کی درخواست دوبارہ فیصلے کے لیے ٹرائل کورٹ کو واپس بھجوا دی ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے فریقین کو 25 نومبر 2026 کو ٹرائل کورٹ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
عدالت نے یکم مارچ 2025 کے اس حکم نامے کو کالعدم قرار دیا جس کے تحت انسداد دہشت گردی عدالت نے محمد ہاشم عباسی کی ضمانت منظور کی تھی۔ ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اب ٹرائل کورٹ ضمانت کی درخواست کا دوبارہ جائزہ لے کر فیصلہ کرے گی۔
تفتیش میں گاڑی چلانے کا الزام سامنے آیا، عدالت
تحریری فیصلے کے مطابق تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ وقوعے کے وقت گاڑی محمد ہاشم عباسی چلا رہا تھا۔ پراسیکیوٹر جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے ضمانت منظور کرتے ہوئے قانون اور دستیاب حقائق کو درست طور پر نہیں دیکھا۔
پراسیکیوٹر کے مطابق ٹرائل کورٹ نے اپنے فیصلے میں ایسی کوئی ٹھوس وجہ بیان نہیں کی جس کی بنیاد پر مقدمے کو مزید انکوائری کا معاملہ قرار دیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ شناخت پریڈ سمیت قانونی تقاضے پورے کیے گئے اور دستیاب شواہد ملزم کا واقعے سے تعلق ظاہر کرتے ہیں۔
وکیل صفائی کے ضمانت برقرار رکھنے کے دلائل
دوسری جانب ملزم کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کا موکل ایک دوسرے مقدمے میں قید ہونے کے باعث پیش نہیں ہو سکا۔ وکیل کے مطابق ملزم کو ضمانت ملے ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے اور اس دوران اس نے ضمانت کا غلط استعمال نہیں کیا بلکہ ٹرائل کورٹ میں باقاعدگی سے پیش ہوتا رہا۔
وکیل صفائی نے شناخت پریڈ کے قانونی تقاضے پورے نہ ہونے کا اعتراض بھی اٹھایا اور مؤقف اختیار کیا کہ ضمانت دینے اور اسے منسوخ کرنے کے اصول الگ الگ ہیں۔
آزادی کا حق قیمتی ہے، عدالت
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے میں ضمانت سے متعلق قانونی اصولوں کا حوالہ دیتے ہوئے قرار دیا کہ ایک مرتبہ ضمانت منظور ہونے کے بعد اسے منسوخ کرنے کے لیے مضبوط اور غیر معمولی وجوہات درکار ہوتی ہیں۔
عدالت کے مطابق آئین کے تحت آزادی کا حق ایک قیمتی حق ہے اور اسے محض مبہم الزامات کی بنیاد پر سلب نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ ایف آئی آر میں ملزم کا نام شامل نہ ہونا بذات خود ضمانت دینے یا مقدمے کو مزید انکوائری قرار دینے کے لیے کافی جواز نہیں بن سکتا۔
عدالت کے مطابق اگر ضمانت کا حکم غیر قانونی بنیادوں یا غلط قانونی تشریح پر مبنی ہو تو اسے کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے۔
مقدمے کا پس منظر
یہ مقدمہ 26 نومبر 2024 کو اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کے دوران رینجرز اہلکاروں کو گاڑی تلے کچلنے کے واقعے سے متعلق ہے۔ مارچ 2025 میں انسداد دہشت گردی عدالت نے محمد ہاشم عباسی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے قرار دیا تھا کہ بادی النظر میں معاملہ مزید انکوائری کا ہے۔
اب اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت کا حکم کالعدم قرار دیے جانے کے بعد معاملہ دوبارہ ٹرائل کورٹ میں جائے گا، جہاں ضمانت کی درخواست پر ازسرنو فیصلہ کیا جائے گا۔


