سرکاری پنشن کا خرچ 5 گنا بڑھ گیا: 50 کروڑ ڈالر کا قرض لینے کی تیاری

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کے وفاقی سول پنشن نظام میں اصلاحات کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ مجوزہ پروگرام کا مقصد پنشن کے بڑھتے ہوئے مالی بوجھ کو قابو میں رکھنا، نئی کنٹریبیوٹری پنشن اسکیم کو مؤثر بنانا اور مستقبل میں حکومتی بجٹ پر دباؤ کم کرنا ہے۔ تاہم دستیاب سرکاری ریکارڈ میں اس مخصوص قرض کی حتمی منظوری کی تصدیق نہیں مل سکی؛ ایشیائی ترقیاتی بینک کے منصوبہ جاتی ریکارڈ میں اسے تاحال مجوزہ قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان میں سرکاری ملازمین کی پنشن کا بڑھتا ہوا خرچ قومی معیشت اور حکومتی بجٹ کے لیے ایک بڑا مالیاتی چیلنج بنتا جارہا ہے۔ اسی صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت پنشن کے موجودہ نظام میں تبدیلیاں کررہی ہے تاکہ مستقبل کی مالی ذمہ داریوں کو زیادہ پائیدار بنایا جاسکے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے مجوزہ 50 کروڑ ڈالر کے پروگرام کا بنیادی مقصد بھی اسی اصلاحاتی عمل کو آگے بڑھانا ہے۔ اس میں پنشن کے انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنانے، ادارہ جاتی صلاحیت بڑھانے اور نئی متعینہ حصہ داری (ڈیفائنڈ کانٹری بیوشن) اسکیم کے نفاذ کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

پنشن اخراجات پانچ گنا کیسے بڑھ گئے؟

پاکستان کے پنشن نظام سے متعلق دستیاب اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2016 کے بعد سے وفاقی پنشن اخراجات میں تقریباً پانچ گنا اضافہ ہوا ہے اور سالانہ اخراجات ایک کھرب روپے سے تجاوز کرچکے ہیں۔

اس اضافے کی ایک بڑی وجہ پرانا پنشن نظام ہے، جسے ڈی فائینڈ بینیفٹ اسکیم کہا جاتا ہے۔

اس نظام کے تحت ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمین کو مقررہ قواعد کے مطابق پنشن دی جاتی ہے اور اس کی مکمل ادائیگی حکومت اپنے سالانہ بجٹ سے کرتی ہے۔

چونکہ اس نظام میں ملازمین کی جانب سے پنشن کے لیے باقاعدہ فنڈ جمع کرنے کا لازمی انتظام نہیں تھا، اس لیے وقت کے ساتھ ریٹائر ہونے والے ملازمین کی تعداد اور پنشن کی ذمہ داریوں میں اضافے سے سرکاری خزانے پر دباؤ بڑھتا گیا۔

حکومت پاکستان نے یکم جولائی 2024 سے بھرتی ہونے والے نئے وفاقی سول ملازمین کے لیے متعینہ حصہ داری پر مبنی پنشن اسکیم ( ڈیفائنڈ کانٹربیوشن پینشن اسکیم ) متعارف کرائی ہے۔

اس پروگرام کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کی مجوزہ فنانسنگ 50 کروڑ ڈالر ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 138 ارب روپے بنتی ہے۔ اس کے علاوہ تکنیکی معاونت کے لیے بھی رقم مختص کرنے کی تجویز ہے۔

یہ قرض نتائج سے منسلک ہوگا، یعنی اصلاحاتی اہداف حاصل ہونے پر فنانسنگ کی فراہمی کا عمل آگے بڑھے گا۔