پانچ یورپی ممالک کا بڑا فیصلہ، تارکینِ وطن روانڈا بھیجے جائیں گے

ویانا: یورپ کے5 ممالک نے پناہ کی درخواستیں مسترد ہونے والے تارکینِ وطن کو روانڈا منتقل کرنے کے لیے خصوصی مرکز قائم کرنے کا منصوبہ پیش کردیا۔ مجوزہ مرکز 2027 میں کام شروع کرسکتا ہے، جہاں ابتدائی طور پر تقریباً 100 افراد کو رکھا جائے گا۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس منصوبے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

اےایف پی کے مطابق یورپ میں غیر قانونی ہجرت اور پناہ گزینوں سے متعلق پالیسی میں ایک اہم تبدیلی سامنے آئی ہے۔ پانچ یورپی ممالک نے افریقی ملک روانڈا میں تارکینِ وطن کی واپسی کے لیے ایک خصوصی مرکز قائم کرنے کا منصوبہ پیش کیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت ایسے افراد کو یورپ سے روانڈا منتقل کیا جائے گا جن کی پناہ کی درخواستیں مسترد ہوچکی ہوں اور وہ اپیل کے تمام قانونی مراحل مکمل ہونے کے باوجود اپنے آبائی ممالک واپس جانے سے انکار کررہے ہوں۔

یہ اعلان 16 نومبر 2026 کو ویانا میں ہونے والی ہجرت سے متعلق ملاقاتوں کے بعد سامنے آیا۔ اس منصوبے میں جرمنی، آسٹریا، ڈنمارک، یونان اور نیدرلینڈز شامل ہیں۔

اس مجوزہ مرکز کو یورپی یونین سے باہر تارکینِ وطن کی واپسی کے پہلے بڑے انتظامات میں شمار کیا جارہا ہے۔

اس منصوبے میں پانچ یورپی ممالک جرمنی، آسٹریا، ڈنمارک، یونان اور نیدرلینڈز شامل ہیں۔ ان ممالک کے وزرا نے ویانا میں ہونے والی ملاقات میں روانڈا کے وزیر داخلہ ونسنٹ بیروٹا کے ساتھ اس منصوبے پر تبادلہ خیال کیا۔

آسٹریا کے چانسلر کرسچن اسٹاکر نے اسے یورپی ہجرت کی پالیسی میں ایک اہم تبدیلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے غیر قانونی ہجرت کے بڑے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔

ڈنمارک کی وزیراعظم میٹے فریڈریکسن نے بھی اس منصوبے کو غیر قانونی ہجرت اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اہم قرار دیا۔

مرکز میں تارکینِ وطن کے ساتھ کیا ہوگا؟

خبر رساں ادارے اے ایف پی اور آئرش نشریاتی ادارے آر ٹی ای کے مطابق مجوزہ مرکز میں ابتدائی طور پر تقریباً 100 افراد کو رکھنے کا منصوبہ ہے۔

اس انتظام کے تحتصرف ان افراد کو منتقل کیا جائے گا جن کی پناہ کی درخواستیں مسترد ہوچکی ہوں اور قانونی اپیل کے تمام مراحل مکمل ہوچکے ہوں۔

بچوں اور نابالغوں کو اس منصوبے سے خارج رکھا جائے گا۔ روانڈا پہنچنے والے افراد کو رہائشی اجازت نامے دیے جائیں گے۔انہیں پیشہ ورانہ تربیت اور مقامی زبان سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ان کی روانڈا کے معاشرے میں شمولیت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ وہ رضاکارانہ طور پر اپنے آبائی ملک واپس جانے یا کسی دوسرے ایسے ملک منتقل ہونے کا راستہ بھی اختیار کرسکیں گے جہاں انہیں قانونی طور پر رہنے کا حق حاصل ہو۔

منصوبے کے تحت مرکز کو حراستی جیل کے بجائے ایک کھلے مرکز کی شکل دینے کی بات کی گئی ہے۔ وہاں قیام چند ماہ کے لیے متوقع ہے، تاہم حتمی انتظامات ابھی مکمل نہیں ہوئے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کا اعتراض

اس منصوبے پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ہیومن رائٹس واچ کے مطابق روانڈا میں سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائیوں، من مانی گرفتاریوں اور حراستی مراکز میں مبینہ بدسلوکی کے واقعات پر پہلے ہی سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک اپنے ہاں پناہ کے مسترد شدہ مقدمات کی ذمہ داری کسی دوسرے ملک کو منتقل کرکے تارکینِ وطن کے بنیادی حقوق کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی ایسے مراکز کو انسانی حقوق کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔ تنظیم کو خدشہ ہے کہ وہاں منتقل ہونے والے افراد طویل عرصے تک قانونی غیر یقینی صورت حال میں پھنس سکتے ہیں۔

تنظیموں نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا ہے کہ کسی بھی شخص کو ایسے ملک واپس نہ بھیجا جائے جہاں اسے ظلم و ستم یا سنگین خطرات کا سامنا ہو۔

برطانیہ کا روانڈا منصوبہ ناکام ہوچکا؟

روانڈا میں تارکینِ وطن کی منتقلی کا تصور نیا نہیں ہے۔ برطانیہ نے بھی 2022 میں اسی نوعیت کا ایک معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت غیر قانونی طور پر برطانیہ پہنچنے والے بعض پناہ گزینوں کو روانڈا بھیجنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

تاہم اس منصوبے کو قانونی چیلنجز اور انسانی حقوق سے متعلق اعتراضات کا سامنا کرنا پڑا۔

برطانوی سپریم کورٹ نے نومبر 2023 میں قرار دیا تھا کہ اس وقت کے حالات میں روانڈا بھیجے جانے والے پناہ گزینوں کو ان کے آبائی ممالک واپس بھیجے جانے کا حقیقی خطرہ موجود تھا، جہاں انہیں ظلم و ستم کا سامنا ہوسکتا تھا۔

بعد ازاں برطانوی حکومت نے 2024 میں اس منصوبے کو ختم کردیا۔

موجودہ یورپی منصوبے اور برطانیہ کے سابقہ منصوبے میں بنیادی فرق یہ ہے کہ نئے منصوبے میں ان افراد کو منتقل کرنے کی بات کی جارہی ہے جن کی پناہ کی درخواستیں یورپ میں مسترد ہوچکی ہیں۔

منصوبہ کب شروع ہوگا؟

پانچوں یورپی ممالک اور روانڈا کے درمیان مذاکرات ابھی جاری ہیں۔ توقع ہے کہ حتمی معاہدہ 2027 کے ابتدائی مہینوں میں مکمل ہوسکتا ہے اور اسی سال مرکز میں تارکینِ وطن کی منتقلی شروع کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ابتدائی مرحلے میں تقریباً 100 افراد کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر کتنے افراد کو منتقل کیا جائے گا اور اس پر آنے والے اخراجات کون برداشت کرے گا۔

یورپی ممالک کا مؤقف ہے کہ اس اقدام سے غیر قانونی ہجرت کی حوصلہ شکنی اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے، جبکہ ناقدین کے نزدیک اس سے یورپ اپنی پناہ گزینوں سے متعلق ذمہ داریاں دوسرے ملک پر منتقل کررہا ہے۔