لاہور: پاکستانی اداکار و ماڈل نمیر نواز خان نے کہا ہے کہ پاکستانی شوبز میں مقابلہ بہت زیادہ ہے اور ہر شخص کام کے انتظار میں ہوتا ہے۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے اداکار نمیر خان ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ ایکسکیوز می میں گفتگو کے دوران نمیر خان نے بتایا کہ ان کا خاندانی پس منظر شوبز سے وابستہ نہیں ہے۔ والد کی طرف سے خاندان کا تعلق کاروبار سے ہے جبکہ والدہ کی طرف سے کئی افراد انجینئرز اور ڈاکٹرز ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ 2015 میں وہ ملازمت کررہے تھے، لیکن کچھ عرصے بعد انہیں اپنے کام میں دلچسپی محسوس نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جم جانا اور اپنی شخصیت کو بہتر رکھنا ان کے مشاغل میں شامل تھا، اسی دوران انہیں ایک ایسی ایجنسی کے بارے میں معلوم ہوا جو اشتہارات اور فیشن شوٹس کے مواقع فراہم کرتی تھی۔نمیر خان نے اسے آزمانے کا فیصلہ کیا اور یوں ان کا شوبز کی دنیا میں داخلہ ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی کے شعبے میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے انہیں محسوس ہوتا تھا کہ وہ کوئی غیر معمولی ذہین طالب علم نہیں ہیں اور انہیں کسی چیز کو سمجھنے کے لیے دوسروں کے مقابلے میں زیادہ وقت لگتا ہے۔
ان کے مطابق اگر کسی طالب علم کو کوئی چیز سمجھنے میں دو سے تین گھنٹے لگتے تھے تو انہیں اس کے لیے دو سے تین دن درکار ہوتے تھے۔
انہوں نے خود کو سیکھنے کے معاملے میں سست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کمزوریوں کو جانتے ہیں اور انہیں دور کرنے کے لیے زیادہ محنت کرتے ہیں۔
شہرت اور مقبولیت
نمیر خان نے کم وقت میں ملنے والی شہرت کے حوالے سے کہا کہ وہ شہرت، مداحوں اور گلیمر کی دنیا سے خود کو زیادہ دور رکھنے کی کوشش کرتے ہیں کیونکہ ان کے نزدیک یہ ابھی ان کے سفر کی ابتدا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں انڈسٹری میں ابھی بہت کچھ سیکھنا ہے اور اگر انہیں اچھے ہدایت کاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے تو وہ اسے معمولی نہیں سمجھتے۔
مقابلہ اور مشکلات
نمیر خان نے انڈسٹری میں مواقع حاصل کرنے کی مشکلات اور سخت مقابلے پر بھی گفتگو کی۔
ان کے مطابق شوبز میں مقابلہ بہت زیادہ ہے اور ہر شخص کام کے انتظار میں ہوتا ہے۔ ایسے ماحول میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے محنت، صبر اور اپنے کام پر توجہ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے پروڈکشن ہاؤسز میں پسند ناپسند اور اقربا پروری سے متعلق سوالات پر بھی گفتگو کی اور انڈسٹری کے اپنے تجربات بیان کیے۔
نمیر خان نے اس بات پر زور دیا کہ ابھی ان کے پاس سیکھنے کے لیے بہت کچھ ہے اور وہ اچھے تخلیق کاروں کے ساتھ کام کرکے اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔


