لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق آسٹریلوی کرکٹر اور ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ شین ڈائٹز کو پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ دوطرفہ سیریز سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور اس سلسلے میں قومی ٹیم کے ساتھ کیریبین جزائر میں شامل ہوں گے۔
شین ڈائٹز کو بین الاقوامی کرکٹ کوچنگ کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ ان کی کوچنگ میں ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے 2024 اور 2026 کے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ وہ اس سے قبل بنگلا دیش اور نیدرلینڈز کی ویمنز ٹیموں کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں، جبکہ 2008 سے 2013 تک نیوزی لینڈ میں کرکٹ ویلنگٹن کے ہائی پرفارمنس کوچ بھی رہے۔
شین ڈائٹز نے نئی ذمہ داری ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ویمنز ٹیم کا ہیڈ کوچ بننا ان کے لیے اعزاز ہے۔ ان کے مطابق وہ بچپن سے پاکستان کرکٹ کو پسند کرتے ہیں اور انہیں 1992 کے ورلڈ کپ فائنل کی یاد آج بھی تازہ ہے، جب پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے کر عالمی کپ جیتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان 2028 میں ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا اور ان کا مقصد ہوم گراؤنڈ پر شائقین کو خوشی کا موقع فراہم کرنا ہے۔ تاہم عالمی سطح پر مسابقتی ٹیم بننے کے لیے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو مل کر بہت کام کرنا ہوگا۔
شین ڈائٹز کی تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان ویمنز ٹیم گزشتہ کچھ عرصے سے کوچنگ کے شعبے میں تبدیلیوں سے گزر رہی ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد وسیم کی علیحدگی کے بعد وہاب ریاض ٹیم کے ساتھ مینٹور اور ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔ اب ڈائٹز کی آمد کے بعد قومی ٹیم کی کوچنگ ایک بار پھر غیر ملکی کوچ کے سپرد کر دی گئی ہے۔


