کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ قلم کی طاقت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا، قلم کی طاقت سے حکومتیں بنتی اور ٹوٹتی ہیں۔ صحافی ملک کی اصل طاقت ہیں، آپ کی طاقت آپ کے قلم اور آواز میں ہے۔
کراچی میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی حالات کی وجہ سے عوام مشکل حالات میں ہیں، عوام کے لیے اتنے مشکل حالات کبھی نہیں دیکھے۔ معاشی بحران روز بروز بڑھتا جا رہا ہے، موجودہ معاشی حالات سے میں خود بھی خوفزدہ ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ غریب، مزدور، سفید پوش طبقہ کا کیا بنے گا۔ عوام خوف سے بجلی کا بل دیکھتے ہیں۔ بچوں کی تعلیم کی ضروریات پوری کروں یا 2 وقت کی روٹی کا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست دان عوام کے مسائل کو بھول چکے ہیں، سیاست دان ہر چیز پر بات کرنے کو تیار ہیں، مگر عوامی مسائل پر نہیں۔ ایک ادارے نے 50 ملازمین کو بے روزگار کر دیا۔ تقسیم، نفرت کی سیاست ہوتی ہے، عوامی مسائل پر نہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ لاہور سے بات ہوئی کہ نظام تباہ ہو گیا ہے، کوئی شک نہیں کہ نظام تباہ ہو چکا ہے۔ نظام کیوں تباہ ہوا، اس پر کوئی بات نہیں ہوتی۔ جو علاج بتایا جا رہا ہے وہ مسئلے کا حل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری کا حل نکالنے کے لیے سوچنا ہوگا۔ ری سیٹ غیر سیاسی نہیں، سیاسی ہونا چاہیے۔ اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ اداروں کو تباہ کرایا گیا ہے، اداروں کی بحالی پر بات ہونی چاہیے۔


