چنئی: بھارت کے سابق کپتان اور چنئی سپر کنگز کے لیجنڈری کھلاڑی مہندر سنگھ دھونی نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنے کھلاڑی کے طور پر کیریئر کو الوداع کہہ دیا ہے۔ چنئی سپر کنگز نے انہیں آئی پی ایل 2027 سے ٹیم کا مینٹور مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کرک انفو کے مطابق مہندر سنگھ دھونی کا تقریباً 18 سالہ آئی پی ایل کیریئر اختتام پذیر ہوگیا۔ وہ اب میدان میں کھلاڑی کی حیثیت سے نظر نہیں آئیں گے بلکہ ٹیم کے ساتھ رہ کر اپنی تجربہ کاری اور قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے نوجوان کرکٹرز کی رہنمائی کریں گے۔
ایم ایس دھونی نے 2008 میں آئی پی ایل کے پہلے سیزن سے چنئی سپر کنگز کی قیادت شروع کی تھی۔ ان کی کپتانی میں ٹیم نے پانچ مرتبہ آئی پی ایل ٹائٹل اپنے نام کیا، جبکہ دو مرتبہ چیمپئنز لیگ ٹی 20 کی ٹرافی بھی جیتی۔
دھونی کی قیادت میں چنئی سپر کنگز نے 2010 اور 2011 میں مسلسل دو مرتبہ آئی پی ایل ٹائٹل جیت کر اپنی دھاک بٹھائی۔ اس کے بعد 2018، 2021 اور 2023 میں بھی ٹیم چیمپئن بنی۔
ان کی پرسکون طبیعت، دباؤ میں بہترین فیصلے کرنے کی صلاحیت اور میچ کا پانسہ پلٹ دینے والی بیٹنگ نے انہیں دنیا بھر میں مقبول بنایا۔
انجری کے باعث آخری سیزن بھی نہ کھیل سکے
دھونی کے آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو ان کی مسلسل انجریز اور حالیہ سیزنز میں محدود شرکت کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
وہ انجری کے باعث آئی پی ایل 2026 کا پورا سیزن نہیں کھیل سکے تھے، جبکہ ان کی میدان میں واپسی کے حوالے سے بھی غیر یقینی صورتحال برقرار تھی۔
اب چنئی سپر کنگز نے انہیں مینٹور کی ذمہ داری سونپ دی ہے تاکہ وہ ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے تجربے سے فائدہ پہنچا سکیں۔
چنئی سپر کنگز انتظامیہ کا خراج تحسین
چنئی سپر کنگز کے مالک این سری نواسن نے دھونی کے ساتھ تقریباً دو دہائیوں پر محیط تعلق کو ٹیم کی شناخت کا اہم حصہ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 2008 میں دھونی کو ٹیم کا حصہ بنانے کا فیصلہ ان کے بہترین فیصلوں میں سے ایک تھا۔ دھونی ہمیشہ چنئی سپر کنگز کی شناخت کا حصہ رہیں گے اور یہ ٹیم ان کا گھر رہے گی۔
ٹیم انتظامیہ کے مطابق میدان میں دھونی کی کمی ضرور محسوس ہوگی، تاہم ان کا تجربہ اور رہنمائی آئندہ نسل کے کھلاڑیوں کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگی۔


