راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستانی بولرز نے ایسی تباہ کن کارکردگی دکھائی کہ مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں محض 98 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اس کے ساتھ ہی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ کرکٹ کا ایک نیا ریکارڈ بھی قائم ہوگیا۔
سری لنکا کا 98 رنز کا مجموعہ راولپنڈی اسٹیڈیم کی ٹیسٹ تاریخ کا کم ترین اننگز اسکور ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ انگلینڈ کے پاس تھا جس نے 2024 میں پاکستان کے خلاف اسی میدان پر 112 رنز بنائے تھے۔ یوں سری لنکا نے انگلینڈ کا 112 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔
راولپنڈی میں پہلی مرتبہ ٹیم 100 رنز سے پہلے آؤٹ
اس ٹیسٹ کی سب سے نمایاں بات یہ ہے کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلی مرتبہ کوئی ٹیم ٹیسٹ میچ کی اننگز میں 100 رنز کا ہندسہ عبور کرنے سے پہلے آؤٹ ہوئی۔ سری لنکا کی پوری ٹیم 35.3 اوورز میں پویلین واپس لوٹ گئی۔
پاکستان کے خلاف سری لنکا کا 32 سال پرانا ریکارڈ
سری لنکا کا 98 رنز پر آؤٹ ہونا پاکستان میں اس کا ٹیسٹ کرکٹ کا کم ترین اسکور بھی ہے۔ تاہم پاکستان کے خلاف سری لنکا کا مجموعی طور پر کم ترین ٹیسٹ اسکور 71 رنز ہے، جو 1994 میں کینڈی ٹیسٹ کے دوران بنایا گیا تھا۔ اس طرح 32 سال پرانا ریکارڈ آج بھی برقرار ہے۔
تین پاکستانی بولرز نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں
پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضااللہ اور عامر جمال نے غیر معمولی بولنگ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ثاقب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
محمد عباس نے 14 اوورز میں صرف 14 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، ان کے کھاتے میں چھ میڈن اوورز بھی شامل تھے۔
انگلینڈ کے بعد سری لنکا بھی راولپنڈی میں ناکام
دلچسپ امر یہ ہے کہ راولپنڈی کی پچ پر 2024 میں انگلینڈ کی ٹیم بھی 112 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی، لیکن اس مرتبہ سری لنکا نے اس سے بھی کم اسکور کیا۔ پاکستان کی بولنگ نے میچ کے پہلے ہی روز مہمان ٹیم کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا۔


