پیرس : دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کو فرانس میں بڑے مقدمے کا سامنا ہے۔
اےایف پی کے مطابق پیرس کی عدالت میں 17 جون 2027 سے 4 روزہ ٹرائل شروع ہوگا، جس میں ایپل پر الزام ہے کہ اس نے کئی آئی فون ماڈلز کی منصوبہ بند فرسودگی کی منصوبہ بندی کی۔
یہ کیس فرانسیسی پراسیکیوٹرز نے دائر کیا ہے۔ الزام ہے کہ ایپل نے نومبر 2021 سے جولائی 2024 تک، یعنی ڈھائی سال سے زیادہ عرصے تک، آئی فونز کی مرمت میں رکاوٹ ڈالی۔
فرانسیسی حکام اور شکایت کنندہ تنظیم اسٹاپ پلانڈ اوبسو لیسنس کا کہنا ہے کہ ایپل نے اپنے سافٹ ویئر کو اس طرح ترتیب دیا کہ غیر مجاز دکانوں پر اس کی مرمت ناممکن ہو جائے۔
مثال کے طور پراگر کسی مقامی دکان سے کیمرہ تبدیل کرایا جائے تو فیس آئی ڈی بند ہو جاتا تھا۔ اگر بیٹری تبدیل کرائی جائے تو بیٹری ہیلتھ فیچر کام کرنا چھوڑ دیتا تھا۔اس کا ممکنہ مقصد صارف کو مجبور کرنا کہ وہ مہنگی سرکاری مرمت کرائے یا نیا آئی فون خرید لے۔ تاہم ایپل نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کی ہے۔
اگر ایپل پر الزام درست ثابت ہوا تو اسے 3 لاکھ یورو (تقریباً 3 لاکھ 30 ہزار ڈالر) تک جرمانہ، یا سالانہ آمدنی کا کچھ فیصد اور صارفین کی طرف سے ہرجانے کے دعوے بھی ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے ایپل کی سالانہ آمدنی 400 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، جس کا تقریباً نصف حصہ صرف آئی فون کی فروخت سے آتا ہے۔
ایپل کے خلاف عدالت جانے والی تنظیم ہی کی شکایت پر فروری 2021 میں ایپل کو 25 ملین یورو جرمانہ ادا کرنا پڑا تھا۔ اس وقت الزام تھا کہ ایپل نے صارفین کو بتائے بغیر سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے ذریعے پرانے آئی فونز کو سست کر دیا۔
دسمبر 2017 میں ایپل نے خود اعتراف کیا تھا کہ اس کا نیا آئی او ایس پرانی بیٹری والے فونز کی کارکردگی کم کر رہا تھا۔
یہ شکایت دسمبر 2022 میں درج کی گئی تھی، اور اب تقریباً 4 سال بعد مقدمہ چلے گا۔
منصوبہ بند فرسودگی کیا ہوتی ہے؟
یہ وہ طریقہ ہے جس میں کمپنی جان بوجھ کر اپنی پروڈکٹ کی زندگی مختصر کر دیتی ہے تاکہ صارف جلدی نیا پروڈکٹ خریدے۔ فرانس دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے اسے باقاعدہ جرم قرار دیا۔


