دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سلو اوور ریٹ پر دونوں ٹیموں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے مجموعی طور پر 20 پوائنٹس منہا کرلیے ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق سری لنکا نے مقررہ وقت میں 15 اوورز کم کرائے، جس پر اس کے 15 پوائنٹس کاٹ لیے گئے، جبکہ پاکستان مقررہ ہدف سے پانچ اوورز پیچھے رہا، جس کے نتیجے میں قومی ٹیم کے پانچ پوائنٹس منہا کیے گئے۔
اس کارروائی کے بعد سری لنکا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں سے آٹھویں نمبر پر آگیا، جبکہ پاکستان پہلے ہی آخری یعنی نویں نمبر پر موجود ہے۔
سری لنکا کی پوائنٹس شرح آدھی سے بھی کم ہوگئی
آئی سی سی کی کارروائی سے سری لنکا کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا۔ اس کی پوائنٹس شرح 33.33 فیصد سے کم ہوکر 15.48 فیصد رہ گئی، جبکہ پاکستان کی پوائنٹس شرح 3.33 فیصد ہے۔
پاکستان اور سری لنکا پر میچ فیس کا بھاری جرمانہ
پوائنٹس کی کٹوتی کے علاوہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں پر میچ فیس کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
پاکستانی کھلاڑیوں کو میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ ادا کرنا ہوگا، جبکہ سری لنکن کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے تحت مقررہ وقت میں ہر اوور کی کمی پر کھلاڑیوں کو میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ کیا جاتا ہے، جس کی زیادہ سے زیادہ حد 50 فیصد ہے۔
بابر اعظم اور کوسل مینڈس نے غلطی تسلیم کرلی
آئی سی سی کے میچ ریفری ڈین کوسکر نے دونوں ٹیموں کے خلاف پابندیاں عائد کیں۔ آن فیلڈ امپائرز ایڈرین ہولڈ اسٹاک اور راڈ ٹکر سمیت تھرڈ اور فورتھ امپائرز نے سلو اوور ریٹ کی شکایات درج کرائی تھیں۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم اور سری لنکن کپتان کوسل مینڈس نے اپنی ٹیموں کی غلطی تسلیم کرتے ہوئے مجوزہ سزائیں قبول کرلیں، جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل
آئی سی سی کی فراہم کردہ اپڈیٹ کے مطابق نیوزی لینڈ 72.22 فیصد کےساتھ پہلے، جنوبی افریقا 71.43 فیصد کے ساتھ دوسرے جبکہ آسٹریلیا 69.23 فیصد کےساتھ تیسرے نمبرپر ہے۔
پوئنٹس ٹیبل میں بھارت 51.52 فیصد، بنگلا دیش 45.83فیصد، انگلینڈ 38.54فیصد، ویسٹ انڈیز 27.38 فیصد ، سری لنکا 15.48 فیصد اور پاکستان 3.33 فیصد کےساتھ بالترتیب چوتھے پانچویں،، چھٹے، ساتویں ، آٹھویں اور نویں نمبرپر ہے۔


