کراچی: وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے سرکاری اساتذہ کے جائز مطالبات حل کرانے کی یقین دہانی کردی۔ یہ یقین دہانی انہوں نے گورنمنٹ سیکنڈری ٹیچرز ایسوسی ایشن (جی ایس ٹی اے) کے وفد سے ملاقات کے دوران کرائی۔
جی ایس ٹی اے کے صدر اعجاز حسن اعوان کی سربراہی میں وزیرتعلیم سندھ سے ملاقات کرنے والے وفد میں جنرل سیکریٹری منظور احمد پنہور، نائب صدر غلام قادر میمن اور ایڈیشنل سیکریٹری غلام حسین سومرو شامل تھے۔

وفد نے سید سردار علی شاہ کو سرکاری اساتذہ کے مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔
وزیر تعلیم نے یقین دہانی کرائی کہ اساتذہ کے جائز مطالبات کو سنجیدگی سے دیکھا جائے گا اور مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے اساتذہ تنظیموں پر زور دیا کہ وہ سندھ میں سرکاری تعلیم کا معیار بہتر بنانے اور تعلیمی نظام میں بہتری لانے کے لیے مثبت اور مؤثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے اساتذہ اور ان کی نمائندہ تنظیموں کا تعاون اہمیت رکھتا ہے۔


