کراچی: پاکستان کے معروف کلاسیکل گلوکار شفقت امانت علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ دو برس سے خون کے کینسر کی ایک سنگین قسم ملٹی پل مائیلوما سے لڑ رہے ہیں۔ گلوکار کے مطابق بیماری کی تشخیص کے بعد انہیں طویل عرصے تک علاج اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اب ان کی صحت میں نمایاں بہتری آچکی ہے۔
روزنامہ ڈان کی رپورٹ کے مطابق شفقت امانت علی نے کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دوران اپنی بیماری کے بارے میں بتایا۔ یہ پریس کانفرنس کنسرٹس کی ایک سیریز کے اعلان کے سلسلے میں منعقد کی گئی تھی۔
گلوکار نے بتایا کہ بیماری کے باعث انہیں ایک سال تک بستر پر رہنا پڑا، جو ان کے لیے انتہائی مشکل تجربہ تھا۔ اس صورتحال نے نہ صرف انہیں بلکہ ان کے اہل خانہ اور دوستوں کو بھی متاثر کیا۔ انہوں نے اپنی بیماری کے بارے میں بعض قریبی دوستوں کو بھی آگاہ نہیں کیا تھا کیونکہ اس دوران ان کی تمام تر توجہ علاج پر مرکوز تھی۔
شفقت امانت علی کے مطابق ابتدائی طور پر انہوں نے مختلف ڈاکٹروں سے رجوع کیا، تاہم کراچی میں ڈاکٹر سلمان عادل سے ملاقات کے بعد انہیں مناسب علاج ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت علامات کا علم ہونے سے علاج میں مدد ملی۔
گلوکار نے بتایا کہ کیموتھراپی مکمل ہونے کے بعد انہوں نے لاہور میں پرفارم کیا، اگرچہ بیماری کے بعد دوبارہ اسٹیج پر آنا آسان نہیں تھا، تاہم انہوں نے اپنی موسیقی کی سرگرمیاں بحال کردیں۔
انہوں نے اپنی صحت کے حوالے سے بتایا کہ بون میرو بائیوپسی کی رپورٹ کلیئر آئی ہے، تاہم علاج کا سلسلہ مکمل نہیں ہوا۔ آٹو ٹرانسپلانٹ اور اسٹیم سیل تھراپی کے مراحل ابھی باقی ہیں اور وہ فی الحال ہر ہفتے ادویات کے ذریعے علاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔
کراچی میں اسٹیج پر واپسی
شفقت امانت علی نے اعلان کیا کہ وہ 28 نومبر کو کراچی کے بیچ لگژری ہوٹل میں کنسرٹ کے دوران پرفارم کریں گے۔ اس کے بعد اسلام آباد اور لاہور میں بھی موسیقی کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
میوزک ڈائریکٹر احسن باری کے مطابق کنسرٹ کے لیے 16 موسیقاروں پر مشتمل ٹیم گزشتہ دو ماہ سے تیاری کر رہی ہے، جس میں معروف موسیقار گمبی، کامران ظفر منو اور کیتھ بینجمن بھی شامل ہیں۔


