پاکستان کی نئی تاریخ رقم ہونے کے قریب: ذیشان علی خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی ہوں گے

کراچی: پاکستان خلائی تحقیق کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل عبور کرنے جا رہا ہے۔ پاک فضائیہ کے فائٹر پائلٹ محمد ذیشان علی چین کے شینژو 24 خلائی مشن کے ذریعے خلا کا سفر کرنے والے ہیں۔ وہ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہوں گے۔

ذیشان علی 25 نومبر 2026 کو چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہونے والے تین رکنی خلائی عملے کا حصہ ہوں گے۔ ان کے ساتھ دو چینی خلا باز تانگ ہونگبو اور وو یی بھی مشن پر روانہ ہوں گے۔

ذیشان علی کون ہیں؟

محمد ذیشان علی پاکستان ایئر فورس کے پائلٹ ہیں۔ انہیں خرم داؤد کے ساتھ پاکستانی خلا بازوں کی تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ دونوں نے پاکستان میں ابتدائی انتخابی مراحل مکمل کرنے کے بعد چین میں خصوصی تربیت حاصل کی۔

ان کا انتخاب تین مراحل پر مشتمل عمل کے ذریعے کیا گیا، جس میں طبی، نفسیاتی اور تکنیکی جائزے شامل تھے۔ دونوں امیدواروں نے چین کے ایسٹروناٹ سینٹر میں تربیت حاصل کی، تاہم حتمی خلائی پرواز کے لیے ذیشان علی کا انتخاب کیا گیا۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے لیے نہیں بلکہ پاکستان کی نمائندگی کے لیے خلا میں جا رہے ہیں اور ان کے کندھوں پر 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں ہیں۔

خلا میں ایک ہفتے قیام

سپارکو کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شفاعت علی کے مطابق ذیشان علی تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ قیام کریں گے۔ زمین سے روانگی کے تقریباً پانچ سے چھ گھنٹے بعد خلائی اسٹیشن پہنچنے کی توقع ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ چین کے مشن میں شامل دونوں چینی خلا باز تقریباً چھ ماہ تک خلائی اسٹیشن پر رہیں گے، جبکہ ذیشان علی مختصر قیام کے بعد شینژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔

خلا میں سائنسی تجربات

ذیشان علی کا بنیادی کردار پے لوڈ اسپیشلسٹ کا ہوگا، یعنی وہ خلائی مشن میں سائنسی تجربات اور تحقیق سے متعلق امور انجام دیں گے۔

ان کے مشن میں بائیوٹیکنالوجی، میٹریلز سائنس اور دیگر سائنسی شعبوں سے متعلق تجربات شامل ہیں۔ چینی خلائی حکام نے چار مشترکہ سائنسی منصوبوں کا ذکر کیا ہے، جن میں ضیائی تالیف کرنے والے خردنامیوں پر تحقیق بھی شامل ہے۔

ان تجربات کے لیے پاکستان کی جامعات اور تحقیقی اداروں سے 300 سے زائد تجاویز موصول ہوئی تھیں، جن میں سے منتخب منصوبوں کو چین کے تعاون سے حتمی شکل دی گئی۔ ان تحقیقات کے نتائج مستقبل میں سائنسی ترقی، صنعت اور دیگر شعبوں میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

پاکستان اور چین کے خلائی تعاون کا نیا دور

پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کے معاہدے کے تحت دو پاکستانی خلا بازوں کو تربیت دی گئی۔ ذیشان علی کا انتخاب اسی تعاون کا اہم نتیجہ ہے۔

اس مشن کی خاص بات یہ ہے کہ وہ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے۔ ذیشان علی نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ دونوں ممالک کا آخری مشترکہ خلائی مشن نہیں ہوگا بلکہ مستقبل میں مزید مشترکہ منصوبے بھی شروع ہوں گے۔

انہوں نے چاند اور مریخ تک مستقبل کے خلائی سفر میں پاکستان اور چین کے اشتراک کی امید بھی ظاہر کی ہے۔